سیالکوٹ( باغی ٹی وی بیوروچیف شاہد ریاض)بڈیانہ میں پیٹرولنگ پولیس کی معمول کی چیکنگ کے دوران ایک مشکوک کار کو روکنے کی کوشش کے دوران ناخوشگوار واقعہ پیش آیا۔ گاڑی میں سوار افراد نے پولیس پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی اور موقع سے تیز رفتاری سے فرار ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق پیٹرولنگ پولیس کی ٹیم بڈیانہ میں ناکہ بندی کے دوران جب ایک مشکوک کار کو چیکنگ کے لیے روکا تو گاڑی میں سوار ملزمان نے پولیس اہلکاروں پر براہ راست فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے تبادلے کے باوجود پولیس پارٹی نے ملزمان کا پیچھا جاری رکھا۔
ملزمان کی کار بڈیانہ ہائی اسکول کے قریب خراب ہوگئی جس کے بعد وہ گاڑی سے اتر کر کھیتوں کی جانب فرار ہوگئے۔ پولیس کی اضافی نفری بھی موقع پر پہنچی۔ واقعے کے بعد پولیس نے ایک ملزم کی شناخت محمد وقاص کے نام سے کی جبکہ دوسرے ملزم کی شناخت ابھی تک نہیں ہو سکی۔
یہ واقعہ اس بات کا ثبوت ہے کہ ملزمان نے پولیس اہلکاروں کو نقصان پہنچانے کی نیت سے فائرنگ کی اور کار سرکار میں مداخلت کی۔ اس حوالے سے ملزمان کے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس کی جانب سے مزید تحقیقات کا عمل جاری ہے تاکہ باقی ماندہ ملزمان کو بھی جلد از جلد گرفتار کیا جا سکے۔