سیالکوٹ(باغی ٹی وی،بیوروچیف شاہدریاض) شہرمیں ٹریفک کی روانی اور تجاوزات کے خاتمے کے لیے جامع لائحہ عمل تشکیل دے دیا گیا ہے۔ ٹریفک پولیس، ٹرانسپورٹ اتھارٹی، میونسپل کارپوریشن، اور ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کے اشتراک سے خصوصی اسکواڈ بنایا جائے گا۔
یہ فیصلہ اراکین پنجاب اسمبلی محمد منشاء اللہ بٹ، فیصل اکرام چودھری، ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال، اور ڈی پی او رانا عمر فاروق کی زیر صدارت ڈی سی آفس میں منعقدہ اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں متعلقہ اداروں کے افسران اور اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنر ذوالقرنین لنگڑیال نے بتایا کہ ابتدائی طور پر پانچ اہم شاہراہوں کو تجاوزات سے پاک کیا جائے گا، جبکہ مسلم بازار اور لہائی بازار میں واکنگ اسٹریٹس کے منصوبے شروع کیے جائیں گے، جن میں دن کے اوقات میں گاڑیوں کے داخلے پر پابندی ہوگی۔
ڈی پی او رانا عمر فاروق نے کہا کہ رانگ پارکنگ اور ون وے کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی ہوگی، اور سیف سٹی پراجیکٹ سے مدد لی جائے گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ 200 سے زائد ٹریفک وارڈنز بھرتی کیے گئے ہیں، جو جلد ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
مزید یہ کہ ریلوے اسٹیشن پر پارکنگ پلازہ کی تعمیر اور کشمیر روڈ پر روڈ انجینئرنگ میں بہتری کے منصوبے زیر غور ہیں۔ شیل پیٹرول پمپ چوک پر ٹریفک سگنلز کی تنصیب جاری ہے، اور دیگر اہم چوکوں پر بھی سگنلز نصب کیے جائیں گے۔
اجلاس کے شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ شہری ٹریفک قوانین کی پاسداری کریں تاکہ شہر میں ٹریفک مسائل کا مؤثر حل ممکن ہو سکے۔