سیالکوٹ: آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا دورہ، سیف سٹی پراجیکٹ کا تفصیلی جائزہ

سیالکوٹ(باغی ٹی وی ،بیوروچیف شاہدریاض) آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا دورہ، سیف سٹی پراجیکٹ کا تفصیلی جائزہ

تفصیلات کے مطابق آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سیالکوٹ کا دورہ کیا، جہاں ان کا استقبال ڈی پی او سیالکوٹ رانا عمر فاروق اور ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین نے کیا۔ دورے کا مقصد شہر میں امن و امان کی صورتحال اور سیف سٹی پراجیکٹ کی پیش رفت کا جائزہ لینا تھا۔ ڈاکٹر عثمان انور نے ڈی پی او آفس میں قائم سیف سٹی پراجیکٹ کا تفصیلی معائنہ کیا اور منصوبے میں مزید بہتری کے حوالے سے اہم ہدایات جاری کیں۔

آئی جی پنجاب نے اپنے خطاب میں کہا کہ سیف سٹی پراجیکٹ جیسے جدید ٹیکنالوجی کے منصوبے عوام کے تحفظ کے لیے نہایت ضروری ہیں۔ ان کے مطابق، اس منصوبے کا مقصد شہر میں سیکیورٹی کی صورتحال کو بہتر بنانا، جرائم کی روک تھام اور نگرانی کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب کے تمام اضلاع کو سیف سٹی ٹیکنالوجی کے دائرے میں لانے کا عمل تیزی سے جاری ہے، تاکہ ہر ضلع میں جدید ترین نگرانی اور تحفظ کا نظام مہیا کیا جا سکے۔

دورے کے دوران آئی جی پنجاب نے سیف سٹی کے مختلف آپریشنل یونٹس کا معائنہ کیا، جن میں مانیٹرنگ رومز، نگرانی کیمروں کی کارکردگی اور ریکارڈنگ سسٹم شامل تھے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے اس بات پر زور دیا کہ عوامی تحفظ کی خاطر نگرانی کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے اور فوری اطلاعات کے تبادلے کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے اس موقع پر پولیس افسران اور عملے کی کارکردگی کو بھی سراہا اور ہدایت کی کہ شہریوں کے تحفظ کے لیے مزید فعال کردار ادا کریں۔ اس کے علاوہ آئی جی پنجاب نے مقامی انتظامیہ کو کہا کہ وہ اس منصوبے میں حائل رکاوٹوں کو جلد دور کرنے کے لیے اقدامات کریں تاکہ عوامی تحفظ کا یہ اہم منصوبہ جلد از جلد مکمل ہو سکے۔

دورے کے آخر میں ڈی پی او رانا عمر فاروق اور ڈی سی محمد ذوالقرنین نے آئی جی پنجاب کو سیف سٹی پراجیکٹ میں اب تک ہونے والی پیش رفت کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ سیالکوٹ کو ایک محفوظ اور پرامن شہر بنانے کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا۔

Comments are closed.