سیالکوٹ (باغی ٹی وی بیورو چیف شاہد ریاض) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر محکمہ محنت و انسانی وسائل پنجاب نے تمام صنعتی و تجارتی اداروں، دکانوں، کارخانوں، بھٹہ خشت، پرائیویٹ ہسپتالوں اور سکولوں میں کم از کم اجرت کے قانون پر عمل درآمد کے لیے خصوصی مہم شروع کر دی ہے۔ مقرر کردہ یومیہ اجرت 1423 روپے اور ماہانہ 37000 روپے پر عمل کروانے کی اس مہم کی نگرانی سیکرٹری محنت نعیم غوث اور ڈائریکٹر جنرل لیبر ویلفیئر سیدہ کلثوم حئی کر رہی ہیں۔
گوجرانوالہ ایسٹ ڈویژن میں ڈائریکٹر لیبر ویلفیئر محمد نوید سرور قریشی مہم کی قیادت کر رہے ہیں اور تمام اضلاع کا دورہ کرکے عمل درآمد یقینی بنا رہے ہیں۔ سیالکوٹ میں قانون کی خلاف ورزی پر مالکان کو نوٹس جاری کرنے کے ساتھ چالان عدالتوں میں بھجوائے جا رہے ہیں۔
ڈائریکٹر لیبر نے ڈپٹی ڈائریکٹر لیبر محمد طیب ورک کے ہمراہ صدر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اکرام الحق سے ملاقات کی اور انہیں مہم میں تعاون کی درخواست کی۔ صدر چیمبر نے ممبران کو کم از کم اجرت کے قانون پر عمل درآمد کی ترغیب دینے کی یقین دہانی کروائی، جس پر ڈائریکٹر لیبر نے ان کا شکریہ ادا کیا۔