سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض) وزیر مملکت برائے منصوبہ بندی و ترقی چوہدری ارمغان سبحانی نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں کسانوں کی فلاح و بہبود کے لیے جو اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں وہ لائق تحسین ہیں۔ وہ سیالکوٹ میں محکمہ لائیو اسٹاک کے ضلعی پیرا ویٹرنری عملے کو موٹر سائیکلیں دینے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں خوراک اور گوشت کی ضروریات تو پوری کی جا رہی ہیں لیکن دودھ کی کمی ایک سنجیدہ مسئلہ ہے، جسے حل کرنے کے لیے مزید محنت اور اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ ملک کو اب بھی بڑی مقدار میں خشک دودھ درآمد کرنا پڑ رہا ہے۔
ارمغان سبحانی نے کہا کہ وہ خود کسان کے بیٹے ہیں اور انہیں اس پر فخر ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں وفاق اور پنجاب حکومتیں کسانوں کے لیے موثر اقدامات کر رہی ہیں اور لائیو اسٹاک کے عملے کو دن رات محنت کر کے اس ترقی کا حصہ بننا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی قیادت میں بھارت کے خلاف ایک گھنٹے میں لڑی گئی کامیاب جنگ کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور یہ ہمارے بچوں کو درسی کتابوں میں بھی پڑھائی جائے گی۔
تقریب کے اختتام پر وزیر مملکت نے 70 ویٹرنری ڈاکٹرز کو موٹر سائیکلوں کی چابیاں دیں جبکہ تحصیل سطح پر جانوروں کی تولیدی صحت جانچنے کے لیے فراہم کردہ الٹرا ساؤنڈ مشین کا افتتاح بھی کیا۔ اس موقع پر ریجنل و ضلعی افسران، ڈاکٹرز، اور یونین نمائندگان کی بڑی تعداد موجود تھی۔








