سیالکوٹ،باغی ٹی وی (بیوروچیف شاہدریاض) کم از کم اجرت قانون پر عملدرآمد کے لیے خصوصی مہم کا آغاز

تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر محکمہ محنت و انسانی وسائل پنجاب نے صنعتی و تجارتی اداروں، دکانوں، کارخانوں، بھٹہ خشت، پرائیویٹ ہسپتالوں اورسکولوں میں کم از کم اجرت کے قانون پر عملدرآمد کے لیے خصوصی مہم شروع کی ہے۔

یکم جولائی 2024 سے مقرر کردہ کم از کم یومیہ اجرت 1423 روپے اور 26 دنوں کی مجموعی اجرت 37000 روپے یقینی بنانے کے لیے یہ مہم جاری ہے۔ اس کی نگرانی سیکرٹری محکمہ محنت نعیم غوث اور ڈائریکٹر جنرل لیبر ویلفیئر سیدہ کلثوم حئی کر رہی ہیں، جبکہ گوجرانوالہ ایسٹ ڈویژن میں ڈائریکٹر لیبر ویلفیئر محمد نوید سرور قریشی تمام اضلاع میں دورے کر کے اس مہم کو کامیاب بنانے میں سرگرم ہیں۔

ضلع سیالکوٹ میں خلاف ورزی کرنے والے مالکان کے خلاف قانونی کارروائیاں کی جا رہی ہیں، جنہیں نوٹسز جاری کرنے کے ساتھ عدالتوں میں چالان بھجوائے جا رہے ہیں۔ اس دوران مالکان اور ٹریڈ باڈیز کے نمائندوں سے ملاقاتیں کر کے انہیں قانون پر عملدرآمد کے لیے آمادہ کیا جا رہا ہے۔

ڈائریکٹر لیبر ویلفیئر محمد نوید سرور قریشی نے ڈپٹی ڈائریکٹر لیبر محمد طیب ورک کے ہمراہ صدر سیالکوٹ ایوان صنعت و تجارت اکرام الحق سے ملاقات کی۔ صدر نے یقین دلایا کہ چیمبر کے تمام ممبران کو قانون کے مطابق اجرت ادا کرنے کے لیے تحریری ہدایات جاری کی جائیں گی۔

ڈائریکٹر لیبر ویلفیئر اور ڈپٹی ڈائریکٹر نے صدر اکرام الحق کے تعاون پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس مہم کا مقصد مزدوروں کے حقوق کی حفاظت اور اجرت کے قوانین پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنانا ہے۔

Shares: