سیالکوٹ:تحریکِ انصاف کے رہنما حامد باجوہ اور شفقت ملہی ایک ماہ کے لیے جیل منتقل
سیالکوٹ (باغی ٹی وی،سٹی رپورٹر مدثر رتو)تحصیل پسرور سے تعلق رکھنے والے پاکستان تحریکِ انصاف (PTI) کے رہنما حامد باجوہ اور شفقت ملہی کو ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ کے حکم پر ایک ماہ کے لیے ڈسٹرکٹ جیل بھیج دیا گیا ہے۔
ڈی سی گوجرانوالہ نے ان کے خلاف ڈی ٹینشن آرڈرز جاری کیے، جس میں کہا گیا کہ سی سی پی او گوجرانوالہ، ایس ایچ او صدر کامونکی، اور ایس ایچ او سٹی کامونکی نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ دونوں رہنما کامونکی میں کارکنوں کو ٹریفک میں خلل ڈالنے، خطرناک نعرے لگانے، سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے اور کارکنوں کو ڈی چوک پہنچنے کی ترغیب دے رہے تھے۔
ان الزامات کے پیش نظر، امن و امان کی صورتِ حال خراب ہونے کے خدشے کے باعث انہیں ایک ماہ کے لیے جیل بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ حامد باجوہ اور شفقت ملہی لاہور میں پی ٹی آئی کے احتجاج میں شامل ہونے کے لیے جا رہے تھے، جب پولیس نے انہیں کامونکی میں حراست میں لے لیا۔
اس دوران پی ٹی آئی کے رہنما اور پی پی 48 سے امیدوار چودھری احسن عباس ایڈووکیٹ نے اعلان کیا ہے کہ وہ ڈی سی گوجرانوالہ کے ان ڈی ٹینشن آرڈرز کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کریں گے اور ان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کریں گے۔