سیالکوٹ(باغی ٹی وی بیورو چیف شاہد ریاض )آپریشن بنیان مرصوص کی شاندار کامیابی پر عوام کا فتح جشن، پاک فوج پر پھولوں کی بارش
پاکستان آرمی کے آپریشن بنیان مرصوص کی شاندار کامیابی پر سیالکوٹ کے شہریوں نے پرجوش فتح ریلی نکالی، جو شہاب پورہ چوک سے شروع ہوئی اور خادم علی روڈ سے گزرتی ہوئی لاڑی اڈہ سے کینٹ تک پہنچی۔ ریلی کے شرکاء نے پاک فوج کے جوانوں کی بہادری کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور مٹھائیاں تقسیم کیں، جبکہ فضا "پاک فوج زندہ باد” کے نعروں سے گونج اٹھی۔
ریلی میں پاکستان مرکزی مسلم لیگ ضلع سیالکوٹ کے صدر احمد محبوب اور شعبہ صنعت و تجارت کے رہنما اعجاز نصر سمیت بڑی تعداد میں شہری شریک ہوئے۔ فتح ریلی سے خطاب کرتے ہوئے اعجاز نصر نے کہا:
"سیالکوٹ کی عوام آپریشن بنیان مرصوص کی شاندار کامیابی پر پاک فوج کو دلی مبارکباد پیش کرتی ہے۔ ہم بھارت کو واضح پیغام دیتے ہیں کہ آئندہ ایسی جارحیت کی غلطی نہ کرے، ورنہ سیالکوٹ سمیت پوری قوم اپنی فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہوگی۔ پاک فوج نے دشمن کو عبرتناک سبق سکھایا اور یہ ثابت کیا کہ پاکستان کی حفاظت کے لیے وہ کسی بھی حد تک جا سکتی ہے۔”
انہوں نے مزید کہا: "افواجِ پاکستان ہماری ناقابلِ تسخیر دفاعی دیوار ہیں۔ مشکل کی ہر گھڑی میں قوم اپنی فوج کے ساتھ ہے۔ پاکستان مرکزی مسلم لیگ ہمیشہ ملک و ملت کے دفاع میں صفِ اول میں رہے گی۔ پاک فوج کی یہ کامیابی پوری قوم کی فتح ہے۔”
ریلی کے شرکاء نے دعائیں مانگیں کہ اللہ تعالیٰ پاک فوج اور وطنِ عزیز کی ہمیشہ حفاظت فرمائے۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ پاک فوج کی بہادری اور قربانیوں پر ہر پاکستانی کو فخر ہے، اور یہ ریلی اسی فخر و جذبے کا مظہر ہے۔
اللہ پاک فوج اور پاکستان کو ہمیشہ سرخرو رکھے۔ آمین!