سیالکوٹ (باغی ٹی وی، سٹی رپورٹر: مدثر رتو)ملک بھر میں جاری پانچ روزہ انسدادِ پولیو مہم کے دوران سیالکوٹ میں ریسکیو 1122 کے اہلکار اور ریسکیو اسکاؤٹس بھی پیش پیش ہیں۔ ریجنل ایمرجنسی آفیسر گوجرانوالہ ڈاکٹر فواد شہزاد مرزا کی زیر نگرانی، ریسکیورز ضلع انتظامیہ کے ہمراہ مہم میں بھرپور حصہ لے رہے ہیں۔
ریسکیو 1122 کے اہلکاروں اور 20 ریسکیو اسکاؤٹس نے ڈسٹرکٹ وارڈن جمیل جنجوعہ کی سربراہی میں لاری اڈہ کے سات مختلف مقامات بشمول بلال ٹریولز، مسجد چوک، ویگن اسٹینڈ، لاہور کوچ اسٹینڈ، وزیرآباد روڈ سبلائم چوک اور ڈسکہ روڈ دبرجی چوک پر پولیو کیمپ قائم کیے، جہاں سفر کرنے والے افراد کے ہمراہ موجود پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جا رہے ہیں۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر نوید اقبال نے کیمپس کا دورہ کیا، بچوں کو خود بھی پولیو کے قطرے پلائے اور ریسکیورز و اسکاؤٹس کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پولیو فری پاکستان کا خواب تبھی ممکن ہے جب ہر فرد اپنا کردار ادا کرے۔
ریسکیو اسکاؤٹس نے مہم کے ابتدائی دو روز میں مجموعی طور پر 782 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے، جو کہ ایک قابلِ تحسین اقدام ہے۔