سیالکوٹ:پی ٹی آئی کی سابقہ حکومت کا شہر کی تمام شاہراہیں پارکنگ مافیاز کو ٹھیکے پر دیئےجانے کا انکشاف

قبضہ مافیا سے ٹکرلینے والے اے ڈی سی آر محمداقبال کے بارے میں سیالکوٹ کی عوام کا کہنا ہے کہ اقبال تیرے شہر کو اقبال مل گیا

سیالکوٹ ،باغی ٹی وی (بیوروچیف شاہدریاض کی خصوصی رپورٹ)پی ٹی آئی کی سابقہ حکومت کا شہر کی تمام شاہراہیں پارکنگ مافیاز کو ٹھیکے پر دیئےجانے کا انکشاف

شہر اقبال سیالکوٹ جو کہ انتہائی تاریخی اور جغرافیائی اہمیت کا حامل ہے لیکن 2018 کے بعد تحریک انصاف کی حکومت میں سیالکوٹ کی تمام شاہراہوں کو پارکنگ مافیا کو ٹھیکے پر دینے کا انتہائی بھونڈا فیصلہ کیا گیا جس کے اثرات سے پورا شہر جنگل کا منظر پیش کرنے لگا ،جہاں جس کا جی چاہا اس نے اپنی دکان 20 فٹ آگے لگادی جہاں جس کا جی چاہا اس نے وہیں پر پارکنگ ایریا بنا کر وہاں پر اپنا جگا ٹیکس وصول کرناشروع کردیا جنگل کا قانون رائج ہوگیا اور یہ سلسلہ تاحال جاری و ساری تھا

روزانہ ایکسیڈنٹ میں کبھی کوئی سکول کی طالبہ تجاوزات کی وجہ سے روڈ کے درمیان چلنے کی وجہ سے لقمہ اجل بنتی ہے توکبھی کوئی ماں کا لاڈلا تجاوزات کی وجہ سے اپنی سائیکل سڑک کے درمیان میں چلاتے ہوئے خالق حقیقی سے جا ملتا ہے،کبھی کوئی بہن کبھی کوئی بھائی کبھی کوئی مزدور باپ کبھی کوئی گھر کا واحد سہارا تجاوزات مافیا کی وجہ سے روڈ کے درمیان میں چلنے پر مجبور ہوتا اور کبھی کسی ڈمپر کسی ٹرک کسی بس کے نیچے کچلا جاتا اور ان سب ہلاکتوں ایکسیڈنٹس کے ذمہ دار ارباب اختیار انتظامیہ ، کارپوریشن بلدیہ کے راشی انکروچمنٹ انسپکٹرز اور عملہ تہ بازاری خاموشی تماشائی بنا رہتا کسی کے کان پر جوں تک نہ رینگتی

اور اسی دوران ایک مرد قلندر محمد اقبال ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو اس تجاوزات مافیا کیخلاف ایک مہم کا اعلان کرتے ہیں اور سیالکوٹ کے بازاروں سڑکوں کو تجاوزات مافیا سے آزاد کروانے کیلئے اپنی ٹیم کو لیکر سڑکوں پر نکلتے ہیں اور تجاوزات کرنے والوں پر ایف آئی آرز کا سلسلہ شروع ہوتا اور جونہی یہ سلسلہ شروع ہوتا ہے تجاوزات مافیا کے زر خرید کچھ لوگ محمد اقبال کے خلاف سوشل میڈیا سمیت مختلف پلیٹ فارمز پر برائی کرنا شروع ہو جاتے ہیں اور ہر جگہ ہر وقت اس مرد قلندر کے بارے میں برا بولنا شروع کر دیتے ہیں

لیکن تندی باد مخالف سے نہ گھبرانے والا محمد اقبال اپنے مشن میں مزید تیزی لاتا ہے اور ان بھوکی گدھوں سے قطع نظر ہوکر تجاوزات مافیا اور اس کے ساتھ ہی ناجائز منافع خوروں کیخلاف بھی کمر کس لیتا ہے اور روزانہ کی بنیاد پر کاروائیاں شروع ہوتی ہیں جس سے ہر طرف سے عوامی ردعمل آتا ہے اور محمد اقبال کو جو زیرو بنانا چاہتے تھے عوامی ردعمل سے منہ کی کھاتے ہیں اور عزتیں تو میرا رب دیتا ہے اور تندی باد مخالف سے نہ گھبرانے والا اقبال کا شاہین اپنی اڑان اور اونچی کرتا ہے اور آج ہر گھر سے بوڑھی خواتین ہوں یا کالج جانے والی طالبات، مزدور ہوں یا کسی کا واحد سہارا ہر گھر سے دعاؤں کا سلسلہ جاری ہے

اس مشن امپاسبل کو پورا کرنے والے محمد اقبال اے ڈی سی آر کی خیر ہو اور جس کیساتھ عوام کی دعائیں ہوں اس کا کوئی مخالف کیا بگاڑ سکتا ہے اور سیالکوٹ کی عوام کا یہ کہنا ہے کہ اقبال تیرے شہر کو اقبال مل گیا اب یہ محمد اقبال اے ڈی سی آر اور ان کی ٹیم میں شامل صف اول کے کھلاڑی میونسپل آفیسر پلاننگ عامر صفدر اور دیگر لوگوں کا کڑا امتحان ہے کہ وہ اپنی صلاحیتوں کا بہترین استعمال کرتے ہوئے سیالکوٹ کی عوام کو کس حد تک ریلیف فراہم کرنے میں کامیاب ہوتے ہیں ۔

Leave a reply