سیالکوٹ (باغی ٹی وی بیوروچیف شاہد ریاض) سیالکوٹ میں آج دو مختلف افسوسناک واقعات پیش آئے جن کے نتیجے میں ایک خاتون اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھی جبکہ ایک کار اور رکشہ کے تصادم میں چار افراد زخمی ہو گئے۔
پہلا واقعہ تھانہ قلعہ کالروالہ کے علاقہ نور پور سائیفن کے قریب پیش آیا، جہاں 30 سالہ حنا اپنے گھر کے باہر گلی میں جھاڑو دے رہی تھیں۔ اس دوران گلی میں گری ہوئی بجلی کی ایک ننگی تار پر ان کا پاؤں آ گیا، جس کے نتیجے میں انہیں شدید کرنٹ لگا اور وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئیں۔ ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے ضروری قانونی کارروائی کے بعد متوفیہ کی نعش ورثاء کے حوالے کر دی۔
دوسرا حادثہ پسرور سے چونڈہ روڈ پر پنج پیر کے قریب پیش آیا، جہاں ایک کار اور رکشہ آپس میں ٹکرا گئے۔ اطلاعات کے مطابق کار پسرور سے چونڈہ کی جانب جا رہی تھی جبکہ رکشہ مخالف سمت سے آ رہا تھا۔ تیز رفتاری کے باعث کار کا ڈرائیور نامعلوم گاڑی کو اوورٹیک کرتے ہوئے اپنے قابو سے باہر ہو گیا اور رکشہ سے جا ٹکرایا۔
اس تصادم کے نتیجے میں رکشہ میں سوار 46 سالہ شبانہ اور 50 سالہ امتیاز شدید زخمی ہو گئے۔ ریسکیو 1122 کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر انہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور بعد ازاں پسرور کے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا۔ جبکہ کار میں سوار 30 سالہ یسین اور ایک 50 سالہ نامعلوم شخص بھی زخمی ہوئے، جنہیں ابتدائی طبی امداد کے بعد بہتر علاج کے لیے علامہ اقبال ہسپتال سیالکوٹ منتقل کر دیا گیا۔ پولیس نے دونوں واقعات کی تحقیقات شروع کر دی ہے۔