نئے چیف کی تعیناتی پر سیاستدانوں کا ہنگامہ، تجزیہ ،شہزاد قریشی

0
34
qureshi

پاکستان کی بطور ریاست اور عام آدمی کی جو حالت آج ہے جو عام آدمی پر بیت رہی ہے اس پر تبصرے کی ضرورت نہیں سب جانتے ہیں۔ عوام غربت کی انتہا پر ہیں۔ ہمارے سیاستدان اعلیٰ عہدوں پرفائز تعینات افسران، امارات اور خوشحالی کی انتہا پر ہیں۔ عوام کو فیک آڈیور اور ویڈیو کے پیچھے لگا دیا گیا ہے۔ سوشل میڈیا سے کوئی بھی محفوظ نہیں۔ سیاسی معیار بدل گئے۔ سیاست کے آداب بدل گئے۔ سیاستدان بدل گئے۔ پارلیمنٹ موجود ہے پارلیمنٹ کی بالادستی غائب ہو چکی ہے۔ قانون موجود ہے قانون کی حکمرانی نہیں۔ آئین موجود ہے آئین پر عمل نہیں۔ سیاست نظریہ ضرورت کی تابع ہو چکی ہے۔

سیاستدانوں کی اکثریت سرمائے اور اقتدار کے تابع ہو چکی ہے۔ بڑے بڑے لینڈ مافیا کا سیاسی جماعتوں پر قبضہ ہو چکا ہے۔ لینڈ مافیا ٹی وی چینلز کے مالکان بن چکے ہیں۔ ہوس اقتدار اور ہوس زر نے اسلامی مملکت کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔ ملک میں نفسا نفسی کا عالم ہے قیامت سے پہلے قیامت کا منظر نامہ نظر آ رہا ہے۔ فوج نے اگر سیاست سے دور رہنے کا فیصلہ کیا ہے تو اس کا تمام سیاستدانوں کو خیر مقدم کرنا چاہئے نئے چیف کی تعیناتی پر سیاستدانوں کا ہنگامہ کیسا؟ آئین کے مطابق تعیناتی میں حرج ہی کیا ہے وہ تو ملکی سلامتی کا محافظ ہوتا ہے۔ اس تعیناتی کو لے کر سیاستدان ، سوشل میڈیا، وی لاگرز کا تبصرہ حیران کن ہے۔ ملکی بقا ، ملکی سلامتی ملکی معیشت کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک دوسرےکا احترام کرنا چاہئے۔ ملکی سیاسی رہنمائوں جو ایک طرف جمہوریت، قانون کی حکمرانی، پارلیمنٹ کی بالادستی ، آئین کا نعرہ ملکی فضائوں میں بلند کرتی ہیں دوسری طرف اس تعیناتی پر ان کی پینترے بازیاں سمجھ سے بالاتر ہے۔ سیاستدانوں کو پرامن، مستحکم، مضبوط پاکستان اور خوشحال عوام کی طرف توجہ دینی چاہئے۔ سیاستدانوں ، مذہبی رہنمائوں اوردیگر مذہبی حلقوں کو اخلاقی بحران کا پھیلائو ملک کے طول و عرض میں بڑی تیزی سے پھیل رہا ہے جس کا مظاہرہ کھلے عام سوشل میڈیا پر دیکھا جا سکتا ہے ۔ اس پر فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے یہ قومی زوال کا سبب بن رہا ہے جس کا سدباب ہونا لازمی امر ہے۔

Leave a reply