سائبیریا کے پرندے پاکستان کی طرف ہجرت کرنے لگے، شکاریوں کو اکتوبر میں شکار کی اجازت
سائبریا سمیت سرد علاقوں کے مہاجر پرندے پنجاب کی آبی گزرگاہوں، ندی نالوں اور جھیلوں میں پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔ دوسری طرف محکمہ تحفظ جنگلی حیات پنجاب کی طرف سے اکتوبر میں مہاجر پرندوں کی شکارکی باقاعدہ اجازت دیے جانے کا امکان ہے۔
محکمہ تحفظ جنگلی حیات پنجاب کے ڈائریکٹر محمد نعیم بھٹی کا کہنا ہے کہ ستمبرکے وسط میں مہاجرپرندوں کی آمد شروع ہو جاتی ہے تاہم اگرسردعلاقوں میں بارشیں زیادہ ہوں تو مہاجر پرندوں کی آمد ستمبرکے آغازسے شروع ہو جاتی ہے، ا س وقت بھی پنجاب کے مختلف دریاؤں ، ندی نالوں ، جھیلوں اورآبی ذخیروں کے قریب مہاجر پرندے دیکھے جاسکتے ہیں، آنے والے دنوں میں لاکھوں پرندے پاکستان بالخصوص پنجاب کارخ کریں گے۔ دوسری طرف محکمہ تحفظ جنگلی حیات نے یکم اکتوبرسے 31 مارچ تک مہاجرپرندوں کے شکارکی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے تاہم باقاعدہ اعلان آئندہ چندروزمیں کردیاجائے گا۔اس حوالے سے اعزازی گیم وارڈن پنجاب بدرمنیرنے بتایا کہ وائلڈلائف ایکٹ2007 ترمیم شدہ کے تحت رجسٹرڈ شکاریوں کو ہفتے میں دودن ہفتہ اوراتوارکومہاجرپرندوں کے شکار کی اجازت دی جائے گی۔