پنجاب حکومت کے بعد سندھ حکومت نے بھی فلم زندگی تماشہ کی نمائش پر پابندی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے

فلم پر پابندی سے متعلق خط سینما مالکان کو بھیجا گیا ہے سندھ بورڈ آف فلم سنسر کے سیکرٹری مشتاق جتوئی کے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ فلم کی نمائش امن وامان کی خرابی کا باعث بن سکتی ہے

اس سے قبل پنجاب حکومت نے سرمد کھوسٹ کی ہدایت کاری میں بننے والی ’زندگی تماشا‘ کی ریلیز روک دی اور فلم کا جائزہ لینے کے لیے کمیٹی قائم کردی یہ فیصلہ اس وقت کیا گیا جب سرمد کھوسٹ نے اپنی فلم کے خلاف ہونے والے مظاہروں اور اسے روکنے کے خلاف لاہور کی سول کورٹ میں درخواست دائر کی تھی اس سے پہلے بھی سرمد کھوسٹ نے وزیر اعظم اور صدر پاکستان آرمی چیف،چیف جسٹس و دیگر کے نام کھلا خط لکھا تھا اور اپنی فلم کی ریلیز میں درپیش مسائل سے آگاہ کیا تھا

فلم زندگی تماشا 24 جنوری کو ریلیز ہونا تھی حکومت پنجاب نے فلم کے ریویو کے لیے 3 فروری کی تاریخ دے دی ہے

فلم ’زندگی تماشہ‘ کو بوسان عالمی فلم فیسٹیول کا معتبر ترین ’کم جسوئک‘ ایوارڈ سے بھی نوازا جا چکا ہے

نرمل بانو کی تحریر کردہ اور سرمد کھوسٹ کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’زندگی تماشہ‘ اردو اور پنجابی زبان میں بنائی گئی ہے

فلم میں عارف حسن کے علاوہ اداکارہ سمعیہ ممتاز، ماڈل ایمان سلیمان اور علی قریشی بھی اداکاری کے جوہر دکھاتے نظر آئیں گے

Shares: