سندھ ہائی کورٹ میں اسٹیٹ بینک ہاؤسنگ سوسائٹی میں جعل سازی کیس کی سماعت،فیصلہ محفوظ
سندھ ہائی کورٹ نے اسٹیٹ بینک ہاؤسنگ سوسائٹی میں گھپلوں سے متعلق کیس میں ملزمان کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔بدھ 3 مارچ کو دوران کیس کی سماعت ہوئی جس میں ملزمان وکلاء اور نیب پراسیکیوٹر نے دلائل مکمل کرلیے۔دوران سماعت نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ ہاؤسنگ سوسائٹی کا اسٹیٹ بینک سے کوئی تعلق ہی نہیں۔ ملزمان نے جعل سازی سے 125 ایکٹر پر قبضہ کیا اور 37 کروڑ روپے سے زائد کا لوگوں سے فراڈ کیا گیا۔ اراضی پر قبضے کرکے سوسائٹی بنائی گئی۔ملزمان میں سیکرٹری عبداللہ علوی، مختیار کار نذیر حسین، نصر فیضان صدیقی، سید عامر، عبدالحق، محمد خرم علوی، روشن آرا، اعجاز حسین، غلام حیدر چانڈیو اور عثمان ابراہیم شامل ہیں۔ حسین علی ہاکرو و دیگر کے خلاف نیب تحقیقات کر رہا ہے۔دلائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے ملزمان کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔