کراچی :کرونا کی وجہ سے باقی مریض کیوں نظرانداز، سندھ ہائی کورٹ نے بڑا حکم سنا دیا،اطلاعات کےمطابق سندھ ہائیکورٹ کا تمام اسپتالوں کو ایمرجنسی وارڈز اور اوپی ڈی فوری کھولنے کا حکم

ذرائع کا کہنا ہےکہ سندھ ہائی کورٹ نے صوبے کے تمام سرکاری اور نجی اسپتالوں کو ایمرجنسی وارڈز اور آؤٹ پیشنٹ ڈپارٹمنٹ (اوپی ڈی) فوری طور پر کھولنے کا حکم دے دیا۔سندھ ہائی کورٹ میں کورونا وائرس کے علاوہ دیگر امراض میں مبتلا مریضوں کا علاج نہ کرنے کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔

درخواست گزار کے وکیل کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز بھی کورونا میں مبتلا ایک پولیس اہلکار علاج نہ ہونے کی وجہ سے جاں بحق ہوگیا، تمام اسپتال دیگر امراض میں مبتلا مریضوں کو پہلے کورونا کا ٹیسٹ کروانے کا کہتے ہیں،کورونا کی رپورٹ میں تاخیر کی وجہ سے ہارٹ اٹیک کے مریض مررہے ہیں۔

عدالت نے سرکاری اور نجی اسپتالوں کی انتظامیہ پر اظہار برہمی کرتے ہوئے ایمرجنسی وارڈز اور اوپی ڈیز فوری کھولنے کا حکم دیا اور حکومت کو کورونا کے علاوہ دیگر مریضوں کا علاج نہ کرنے والی اسپتال انتظامیہ کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی۔

عدالت عالیہ نے سربراہ ہیلتھ کیئر کمیشن کو بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے سوالات کے جواب طلب کرلیے۔سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس محمد علی مظہر کا کہنا تھا کہ بتایا جائے کہ اوپی ڈی اور ایمرجنسی وارڈ میں کس طرح مریضوں کا علاج کیا جارہا ہے اور کیا دیگر امراض میں مبتلا مریضوں کا پہلے کورونا ٹیسٹ ضروری ہے؟

جسٹس محمد علی مظہر کا کہنا تھا کہ غریب طبقہ علاج کیلئے سرکاری اسپتالوں کا رخ کرتا ہے،اگر سرکاری اسپتالوں کی انتظامیہ کا رویہ درست نہیں ہوا تو کیسے چلے گا؟ سندھ ہائی کورٹ نے فریقین سے 19مئی کو رپورٹ طلب کرلی ہے۔

Shares: