سندھ حکومت گوگل کی مدد کررہی ہے، صوبائی وزیر کا بڑا دعویٰ

کراچی: سندھ کے وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی تیمور تالپور نے دعویٰ کیا ہے کہ صوبائی حکومت انٹرنیٹ کی سب سے بڑی کمپنی گوگل کی معاونت کررہی ہے۔ دو روز قبل اسمبلی اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے تیمور تالپور نے دلچسپ انکشاف کیا تھا کہ کراچی میں ٹرانسپورٹ کی بہتری اور ٹریفک کی صورت حال کے لیے سندھ حکومت نے گوگل کی مدد کی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ سندھ حکومت نے گوگل کو ٹریفک کی روانی اور تازہ معلومات کے حوالے سے نشاندہی کر کے دی۔ صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ شہر میں ٹریفک جام کی صورت حال کے بارے میں آگاہی کے لیے ہم نے گوگل کو ریڈ اور وائٹ لائن بنا کردیں، جن کی مدد سے ٹریفک جام اور روانی کی صورت حال پر نظر رکھی جارہی ہے انہوں نے دعویٰ کیا کہ سندھ حکومت کی جانب سے بنائی جانے والی لائنزسے گوگل بھی فائدہ اٹھا رہا ہے۔ آج اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے تیمور تالپور کا کہنا تھا کہ ہم نےکراچی کی ٹریفک سےمتعلق ایک میپنگ سسٹم بنایا تھا اسمبلی تقریر میں اسی حوالے سے بات کی گئی۔ اُن کا کہنا تھا کہ اسمبلی میں لائٹرموڈ میں بات کی تھی کیونکہ سیشن کے دوران ہنسی مذاق چلتا رہتا ہے، گوگل میپ پر ٹریفک سے متعلق بلیو اور ریڈلائنز کی بات مذاق میں کی تھی۔

Comments are closed.