سندھ کے میرپور خاص ڈویژن میں بارش نے تباہی مچادی، 6 ہزار بستیاں اجڑ گئیں
باغی ٹی وی :بارش نے جہاںکراچی سمیت پورے سندھ میتباہی مچائی وہاں حالیہ سیلابی بارشوں نے سندھ کے میرپور خاص ڈویژن میں زیادہ تباہی مچائی۔ پی ڈی ایم اے سندھ کی رپورٹ کے مطابق وہاں دو لاکھ ایکڑز پر کھڑی فصلیں تباہ ہو گئیں، 6 ہزار بستیاں اجڑ گئیں اور متاثرین کا کوئی پرسان حال نہیں۔
برساتی ریلا میرپور خاص کے کسان جیوا کا صرف گھر ہی نہیں اچھے دنوں کے خواب بھی اپنے ساتھ لے گیا۔ آشیانہ ڈوبنے کے غم سے بیوی ہوش و حواس کھو بیٹھی تو جیوا خود بچوں کو دلاسے دینے لگا۔ یہ کہانی صرف جیوا کی نہیں اس علاقے کے لاکھوں سیلاب متاثرین خاندانوں کی ہے، ہزاروں بستیاں اجڑ گئی ہیں اور لوگ بے کسی اور بے بسی کی حالت میں سڑک پر پڑے ہیں۔ لاکھوں ایکڑز پر کھڑی زرعی فصلیں تباہ ہوگئی ہیں اور جانور مرچکے ہیں، کاشتکار برباد ہو گئے ۔
فصلیں اگا کر دوسروں کا پیٹ بھرنے والے آج خود ایک وقت کی روٹی کے منتظر ہیں، پینے کے لیے فراہم کیے جانے والے پانی کا رنگ انتظامیہ کا گدلا پن ظاہر کررہا ہے، بے کسوں کے بارے سوال کیا تو مقامی انتظامیہ بھی اپنی بے بسی ظاہر کرنے لگی۔قدرتی آفت کے شکار یہ بے بس لوگ اب انسانی بے حسی کا شکار ہو رہے ہیں۔ متاثرین منتظر ہیں کہ کب متعلقہ سرکاری ادارے اور این جی اوز ان کی داد رسی کو پہنچیں گے۔
واضح رہے کہ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ہم نے 20 اضلاع کو آفت زدہ قرار دیا،بحالی کے لیے سندھ میں اربوں کی ضرورت ہے، کراچی سمیت 20 اضلاع میں بحالی کےکام کی ضرورت ہے،وفاقی حکومت سے 4 لاکھ خاندانوں کو فی کس ایک لاکھ دینے کی درخواست کی۔
انہوں نے کہا کہ سندھ میں بارشوں کے باعث حادثات میں 137 افراد انتقال کرگئے،صرف کراچی میں 64 لوگ جاں بحق ہوئے،سندھ میں 11 لاکھ ایکڑ کھڑی فصلیں تباہ ہوگئیں۔وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ 15 ہزار233 دیہات شدید متاثر ہوئے،77 ہزار 342 گھرگرگئے،بارشوں کے باعث صوبے میں مویشی بھی بڑی تعداد میں مرگئے، ایسے خاندانوں کی بحالی کے لیے مویشی بھی دینے ہوں گے۔