سندھ کابینہ نے کراچی میں بلدیاتی الیکشن مزید 90 روز کی تاخیر سے کرانے کی منظوری دے دی

سندھ کابینہ نے مزید 90 روز کی تاخیر سے الیکشن کرانے کی تجویز منظور کرلی جس کے بعد کراچی ڈویژن میں بلدیاتی الیکشن ایک بار پھر ملتوی ہونے کے امکانات پیدا ہوگئے ہیں۔ سندھ حکومت نے الیکشن کمیشن کو خط لکھ کر آگاہ کردیا کہ کراچی میں بلدیاتی الیکشن مزید 3 ماہ تاخیر سے کرانے کی تجویز کابینہ نے منظور کی ہے۔

سندھ حکومت کے لکھے گئے خط کے مطابق سندھ کابینہ نے سرکولیشن کے ذریعے 90 روز تاخیر کی تجویز کی منظوری دی۔
الیکشن کمیشن نے کراچی بلدیاتی الیکشن کیس کی تاریخ تبدیل کردی خط کے مطابق سندھ کابینہ نے بلدیاتی ایکٹ 2013 کے اختیارات کے تحت منظوری دی ہے۔ اس سے قبل رواں ہفتے الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے کراچی بلدیاتی انتخابات کیس کی تاریخ تبدیل کردی تھی۔ ذرائع کے مطابق ای سی پی نے کراچی بلدیاتی الیکشن کیس کی نئی تاریخ 15 نومبر مقرر کی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں کراچی میں سینٹر فار پیس اینڈ ڈیولپمنٹ اورفریڈرک نعمان فاؤنڈیشن فار فریڈم کے تعاون سے اسٹیک ہولڈرز ڈائیلاگ کی تقریب منعقد کی گئی تھی تقریب میں شرکا نے سندھ حکومت سے مطالبہ کیا کہ سندھ میں بلدیاتی حکومت کے نظام کو مستحکم کیا جائے، اس کے علاوہ انتخابات کے دوسرے مرحلے کو فوری طور پر شروع کیا جائے۔ جوائنٹ صوبائی الیکشن کمشنر علی اصغر سیال نے کہا تھا کہ سیکیورٹی اہلکاروں کی کمی کی وجہ سے بلدیاتی انتخابات مزید دو مرحلوں میں ہو سکتے ہیں۔ تقریب میں رکن صوبائی اسمبلی، مقامی حکومت کے منتخب نمائندگان، چیف سیکیورٹی افسر، الیکشن کمیشن آف پاکستان کے نمائندگان اور میڈیا نے شرکت کی تھی

Shares: