وزیر توانائی سندھ امتیاز احمد شیخ نے کہا ہے کہ سندھ کی زمینوں کو بنجر بنانے کی سازش کی جارہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر توانائی سندھ امتیاز احمد شیخ نے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ میں پیپلز پارٹی کا آخری دور سمجھنے والے اپنی فکر کریں، پی ٹی آئی کا پہلا اور آخری دور چل رہا ہے، مہنگائی بیروزگاری اور غربت پی ٹی آئی کی تین سالہ عظیم کارکردگی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیر سندھ کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے لئے کراچی آتے ہیں، جان بوجھ کر سندھ میں پانی کی قلت پیدا کی جارہی ہے، سندھ کی زمینوں کو بنجر بنانے کی سازش کی جارہی ہے، وفاقی حکومت اور ارسا سندھ کے کسانوں کے ساتھ دشمنوں والا سلوک کررہے ہیں۔

وزیر توانائی سندھ امتیاز احمد شیخ نے مزید کہا ہے کہ سندھ کو تمام ترقیاتی اسکیمیں پیپلز پارٹی نے دی ہیں، پی ٹی آئی نے تین سال میں سندھ میں ایک بھی اینٹ نہیں لگائی ہے، وفاقی ترجمانوں کا صرف ایک ہی کام ہے جھوٹے الزام لگاؤ اور مال بناؤ۔

Shares: