سندھ میں 5 سال کے دوران 767 افراد نے خودکشی کرلی، رپورٹ
کراچی: سندھ میں گزشتہ پانچ سال کے دوران 767 افراد نے خودکشی کی جن میں 60.23 فیصد مرد اور 39.23 فیصد خواتین شامل ہیں۔سندھ مینٹل ہیلتھ اتھارٹی نے سال 2016ء سے 2020ء تک صوبے میں خودکشی کرنے والوں کے اعداد و شمار جاری کردیے جو کہ ایک سیمینار میں بتائے گئے۔ چیئرمین اتھارٹی سینیٹر کریم خواجہ نے بتایا کہ سندھ میں گزشتہ پانچ سال کے دوران 767 افراد نے سندھ میں خودکشی کی، سندھ کے ضلع بدین اور کراچی کے ضلع ملیر سے سب سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے، بڑی وجوہات میں معاشی مسائل، ذہنی دباؤ اور بے روزگاری شامل ہیں۔انہوں نے بتایا کہ خودکشی کرنے والوں میں 60.23 فیصد مرد اور 39.23 فیصد خواتین شامل ہیں۔