سندھ میں طلبا کی سو فیصد حاضری اور 12 سال تک کے طالبعلموں کی ویکسی نیشن لازمی قرار
صوبائی حکومت نے تعلیمی اداروں کو سو فیصد حاضری کے ساتھ کھولنے اور12 سال کی عمر کے طلبا کی کورونا ویکسی نیشن لازمی قرار دے دی۔
ذرائع کے مطابق محکمہ تعلیم سندھ نے کراچی سمیت صوبے بھر کے تعلیمی اداروں کو 11 اکتوبر سے 100 فیصد حاضری کے ساتھ کھولنے اور 12 سال اور اس سے زائد عمر کے طلباء کی کورونا ویکسی نیشن لازمی کروانے کے احکامات جاری کردئیے۔
محکمہ اسکول و کالجز کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق کراچی سمیت صوبے بھر کے تمام سرکاری و نجی اسکول و کالجز کے سربراہان اور انتظامیہ کو 12 سال اور اس سے زائد عمر کے طلباء کی ویکسی نیشن لازمی کروانے اور طالب علموں کی100 فیصد حاضری یقینی بنانے کی ہدایات دی گئی ہیں۔