پاکستان پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کراچی ڈویژن کی سربراہ شاہدہ رحمانی نے کہا ہے کہ سندھ پی پی پی کا مضبوط و مستحکم قلعہ ہے ۔ کنٹونمنٹ بورڈ سمیت یہاں کا ہر الیکشن جیالوں کا ہے ۔ اجلاس میں ڈویژنل عہدیداران و ضلعی صدور کو ان کے زیر نگرانی حلقہ انتخاب کے حوالے سے خصوصی ہدایات دی گئیں اور تنظیم سازی کی تکمیل کے سلسلے میں رپورٹ طلب کی گئی ۔
شرکاء نے 12ستمبر کو منعقدہ کنٹونمنٹ بورڈ کے مجموعی طور پر تمام حلقوں میں اپنی امیدواروں کی پوزیشن کا جائزہ لیا اور رہنمائوں کی جانب سے سخت مقابلے والے حلقوں میں زیادہ تندہی کے ساتھ محنت پر زور دیا ۔ اس موقع پر پی پی پی شعبہ خواتین کراچی ڈویژن کی جنرل سیکریٹری شاہینہ شیر علی و دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
شاہدہ رحمانی نے کہا کہ سیاسی قوتیں اپنی کارکردگی کی بنیاد پر عوام میں ووٹ کیلئے جاتی ہیں ، ہمیں سندھ کے عوام کی طویل مدت سے خدمت کرنے پر فخر ہے ۔

شاہینہ شیر علی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی شاندار کارکردگی اور پارٹی کی جانب سے ان کی مکمل معاونت کے ذریعے صوبہ بھر میں پارٹی کا امیج مزید بلند ہوا ہے ۔انہوںنے کہا کہ ہماری جماعت ملک گیر سطح پر منظم ہے ۔ ہم آگاہ ہیں کہ کس مرحلے پر کون سی حکمت عملی کارگر ہوتی ہے ۔ ہماری انفرادیت یہ ہے کہ ہر انتخابی معرکے میں ہماری پلاننگ مختلف اور دیگر سیاسی قوتوں کی فکر سے بالکل ہٹ کر ہوتی ہے ، نیز ہمیں اپنے کارکنوں کی جانباز فورس پر بھی ناز ہے جو رہنمائوں کی ہدایت کو عملی شکل دینے میں کسی قربانی سے دریغ نہیں کرتے ۔انہوںنے توقع ظاہر کی کہ کنٹونمنٹ بورڈ کے الیکشن میں 12ستمبر کو پیپلز پارٹی واضح اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔

Shares: