کے یو جے کی طرف سے سندھ ٹی وی کے دفتر پر چھاپے اور اینکر پرسن کی گرفتاری پر شدید مذمت
کراچی یونین آف جرنلسٹس (کے یو جے) نے سندھ ٹی وی کے دفتر پر چھاپے اور میڈیا ہاؤس سے ایک اینکر پرسن کی گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے،
تفصیلات کے مطابق کے مطابق ایف آئی اے کے اہلکاروں نے سندھ ٹی وی کے دفتر پر چھاپہ مارا ہے اور ایک اینکر پرسن ارشاد جاگیرانی کو سائبر کرائم کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے، کے یو جے کے صدر اشرف خان، جنرل سیکریٹری احمد خان ملک اور ارکان مجلس عاملہ نے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ میڈیا ہائوسز پر اس طرح کے چھاپوں اور میڈیا ورکرز کی گرفتاریوں کا مقصد دراصل صحافیوں کو ہراساں کرنا اور آزادی اظہار رائے کو دبانا ہے، انہوں نے کہا کہ میڈیا انڈسٹری پہلے ہی بے پناہ مسائل کا شکار ہے ان حالات میں قانون نافذ کرنے والے ادارے کی جانب سے میڈیا ہائوسز پر چھاپے آزادی اظہار کا گلا گھونٹنے کے مترادف ہیں۔
انہوں نے کہا ہےکہ اگر کسی فرد پر کوئی الزام ہے تو اداروں کو چاہئیے کہ اسے انفرادی طور پر ڈیل کریں، کسی کے انفرادی معاملات کے لیے میڈیا ہاءوسسز پر چھاپوں اور ورکرز کو ہراساں کرنے کا عمل قطعی طور پر درست نہیں، اس سے میڈیا ہاءوسسز کا امیج بھی خراب ہوتا ہے اور ورکرز بھی ذہنی اذیت کا شکار ہوتے ہیں، کے یو جے نے مطالبہ کیا ہے حکومت میڈیا ہاءوسسز پر اس طرح کے چھاپوں اور گرفتاریوں کا نوٹس لے ۔ کے یو جے نے سندھ ٹی وی کے دفتر پر چھاپے اور وہاں سے ایک اینکر پرسن کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کی کال دینے کے لیے مجلس عاملہ کا اجلاس طلب کر لیا ہے