صرف جماعت اسلامی کراچی کے حق کیلئے مؤثر آواز اٹھا رہی ہے ،ْحافظ نعیم الرحمن

0
70

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ صرف جماعت اسلامی ہی واحد جماعت ہے ، جو کراچی کے گھمبیر مسائل کے حل اور عوام کے جائز اور قانونی حقوق کے حصول کے لئے موثر اور توانا آواز بلند کر رہی ہے ۔ حکمران پارٹیاں ہی کراچی کو تباہ و برباد کرنے کی ذمہ دار ہیں ، جماعت اسلامی شہر کو تباہی و بربادی سے نکالنے اور تعمیر و ترقی کے لئے جدوجہد جاری رکھے گی ، وفاقی و صوبائی حکومتوں اور حکمران پارٹیوں کے کراچی دشمن اقدامات اور طرز عمل کو بے نقاب کرے گی ، یہ شہر ایک گل دستے کی طرح ہے اسے آباد رکھنے کے لئے جماعت اسلامی سب کو ساتھ لے کر چلے گی ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ شب ضلع گلبرگ وسطی کے تحت مسجد قباء سے متصل گرائونڈفیڈرل بی ایریا میں بلدیاتی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
کنونشن میں ضلع گلبرگ وسطی کی 20یونین کونسلز کے چیئر مین، وائس چیئر مین اور کونسلرز کا اعلان کیا گیا ، ان کو اسٹیج پر بلا کر حوصلہ افزائی اور کامیابی کے لئے دعا کی گئی اور ضروری ہدایات دی گئیں۔

کنونشن سے سندھ اسمبلی کے رکن و امیر ضلع جنوبی سید عبدالرشید ، نعمت اللہ خان کے دور میں سٹی کونسل کے سابق سینئر پیرازائیڈنگ آفیسر مسلم پرویز ، سابق ٹائون ناظم گلبرگ و امیر ضلع فاروق نعمت اللہ ، الیکشن سیل کے نگران خالد صدیقی اور سیکریٹری ضلع کامراج سراج نے بھی خطاب کیا ، جبکہ سید حسین مدنی نے درس حدیث پیش کیا ۔ شرکاء نے کنونشن میں قومی ترانہ بھی پڑھا ۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ بدقسمتی سے کراچی کو اونر شپ نہیں ملی ، کوئی پارٹی اسے اون نہیں کرتی ، وفاقی و صوبائی حکومتیں ایم کیو ایم ، پیپلز پارٹی ۔ پی ٹی آئی ایک دوسرے پر الزامات تو لگاتی ہیں ، مگر اپنی نااہلی اور ذمہ د اری تسلیم نہیں کرتیں ، ان کے دائرہ اختیار اور دستیاب وسائل کے تحت ہی اگر شہر میں ترقی و تعمیر کے اقدامات ہوتے تو حالات اتنے ابتر نہ ہوتے جو آج ہیں ، 162ارب ، 11سو ارب کے پیکیجز کے اعلانات تو بہت کئے گئے تھے ، لیکن شہر میں چند ارب روپے بھی خرچ نہیں کیے گئے ، کراچی ملک میں سب سے زیادہ ٹیکس اور ریونیو جمع کراتا ہے ، لیکن اس کے بدلے اسے کچھ بھی نہیں ملتا ، گزشتہ سال قومی بجٹ میں 650ارب کے ترقیاتی بجٹ میں کراچی کے لئے صرف 18ارب اور موجودہ بجٹ میں بھی 900ارب میں سے صرف اٹھارہ ارب روپے مختص کیے گئے اور وہ بھی پورے خرچ نہیں کیے جاتے ، جعلی مردم شماری میں ہماری آدھی آبادی غائب کروائی گئی ، کوٹہ سسٹم میں غیر معینہ مدت تک اضافہ کرکے ہماری حق تلفی کی گئی ، کے الیکٹرک کی لوٹ مار اور مسائل ، یہ سب تو وفاق کے ماتحت ادارے ہیں اور ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی اس کی براہ راست ذمہ دار ہیں ، پیپلز پارٹی 10سال سے سندھ پر مسلط ہے ، کراچی دشمنی اس کے ضمیر کا حصہ ہے ، اس نے بھی کراچی کو کھانے کمانے اور مال بنانے کا ذریعہ تو بنایا ہوا ہے ، لیکن کچھ دینے اور شہر پر لگانے کوتیار نہیں ، اب اپنا پارٹی ایڈمنسٹریٹر لگا کر مزید قبضہ اور لوٹنے کا کام جاری ہے ، جماعت اسلامی ان سب کو ایکسپوز کرے گی ، جماعت اسلامی ہی شہر کی حقیقی قیادت ہے ،یہی شہر کو ترقی دے سکتی ہے اور مسائل حل کرسکتی ہے ۔

Leave a reply