سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کے صدر عبدالرشید نے کراچی کے سب سے بڑے انڈسٹریل ایریاکی صنعتوں کو آلودہ اور ناقص پانی کی فراہمی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ اورایم ڈی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ ( کے ڈبلیو ایس بی) سے درخواست کی ہے کہ صنعتوں کو معیاری پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ صنعتوں کو بھاری مالی نقصانات سے بچایا جاسکے۔
سائٹ ایسوسی ایشن کے صدر نے وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ اورایم ڈی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ ( کے ڈبلیو ایس بی) کو بھیجے گئے خطوط میں صنعتوں کو درپیش مشکلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہاکہ آلودہ اور ناقص پانی کی فراہمی کی وجہ سے سائٹ ایریا کے صنعتوں کا پیداواری عمل بری طرح متاثر ہورہاہے اور صنعتوں کو خطیر مالی نقصانات کا بھی سامنا ہے کیونکہ ناقص پانی کی وجہ سے پیداواری عمل بند ہوجاتا ہے اور کیمیکل بھی ضائع ہوجاتے ہیں جبکہ ہزاروں گیلن پانی کے ضائع ہونے کے ساتھ ساتھ زیر زمین ٹینکوں کو صاف کرنے کی ضرورت پڑتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ واٹر بورڈ معاملات کو بدتر بنانے کے لیے غیرمعیاری پانی کی فراہمی کے چارجز وصول کررہا ہے جو کہ سائٹ کے صنعتکاروں زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے۔عبدالرشید نے وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ سے درخواست کی کہ وہ سائٹ کی صنعتوں کو ناقص پانی کی فراہمی کا نوٹس لیتے ہوئے ایم ڈی واٹر بورڈ کو معیاری پانی فراہم کرنے کی ہدایت جاری کریں۔ انہوں نے ایم ڈی واٹر بورڈ پر بھی زور دیا کہ وہ سائٹ ایریا کی صنعتوں کو ناقص پانی فراہمی کے مسئلے کو حل کرنے اور مستقل بنیادوں پرصنعتوں کو صاف پانی کی فراہمی کے اقدامات یقینی بنائیں تاکہ پیداواری سرگرمیاں بلارکاوٹ جاری رکھی جاسکیں۔

سائٹ کراچی کی صنعتوں کو آلودہ، ناقص پانی کی فراہمی کی جا رہی ہے : ناصر حسین شاہ
Shares: