معاشرتی بے راہ روی انتہا پر:اسقاط حمل کی کوشش ایک اورحوا کی بیٹی کی جان گئی
لاہور: معاشرتی بے راہ روی :اسقاط حمل کی کوشش ایک اورحوا کی بیٹی کی جان گئی ،اطلاعات کے مطابق نشتر کالونی کے علاقہ میں 27 سالہ لڑکی اسقاط حمل کی کوشش کے دوران جان کی بازی ہارگئی۔پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ نشتر کالونی کے علاقہ میں پیش آیا۔تھانہ نشتر کالونی میں درج مقدمہ کے مطابق مقتولہ لڑکی اپنے ہمسائے اعجاز کے ساتھ گئی تھی،اعجاز نے لڑکی کے اہل خانہ کو اطلاع دی کہ اس کی طبعیت اچانک خراب ہوگئی جس پر وہ اسے جنرل ہسپتال لے گیا ہے،
پولیس کا کہنا ہے کہ اطلاع ملنے پر جب اہل خانہ وہاں پہنچے تو لڑکی دم توڑ چکی تھی۔پولیس ذرائع کے مطابق اعجاز لڑکی کو اسقاط حمل کے لیے پہلے ایک نجی کلینک لیکر گیا جہاں اس کی طبعیت خراب ہوگئی جس پر اسے ایمرجنسی جنرل ہسپتال لے جایا گیا جہاں وہ دم توڑ گئی۔
نشتر کالونی پولیس کے مطابق واقعہ کا مقدمہ لڑکی کے والد کے بیان پر درج کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔جس نے اعتراف جرم کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ وہ لڑکی کو اسقاط حمل کے لیے فیکٹری ایریا کے علاقہ میں لیکر گیا تھا جہاں اس کی طبعیت اچانک خراب ہوگئی جس پروہ اسے جنرل ہسپتال لے جایا گیا۔