لاہور۔(اے پی پی)ر کن صوبائی اسمبلی عظمیٰ کاردار نے کہا ہے کہ غربت کے خاتمے اور ملک کی مضبوط معیشت کے سہارے معاشرتی ترقی کو یقینی بنانا خواتین کو فنی تربیت فراہم کیے بغیر ممکن نہیں، ہنر مند خواتین کے بغیر معاشرتی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا ہے کیو نکہ ہنر مند خواتین گھر کے ساتھ ساتھ ملکی تعمیر و ترقی میں بھی نمایا ں کردار ادا کر سکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے نائس ویلفیئر سو سائٹی کے زیر انتظام ووکیشنل ٹریننگ پروگرام کے پانچویں بیج کی پاسنگ آؤٹ کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ سوسائٹی کا ووکیشنل ٹریننگ پروگرام ملک وقوم کی ترقی کے لئے ایک خوش آئند اقدام ہے۔ انہوں نے فنی مہارت سیکھنے والی خواتین میں مفت سلائی مشینیں تقسیم کرنے کے اقدام کی تعریف کی اور ایسے پروگرام جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ڈاکٹر اظہارالحق ہاشمی ڈائریکٹر پروگرامز پنجاب ویلفیئر ٹرسٹ نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ خواتین کو ہنر مند بنا کرمعاشرتی اور معاشی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر ہو سکتا ہے۔اس ضمن میں سوسائٹی عملی طو ر پر کوشاں ہے کیونکہ ہنر مند خواتین گھر کے ساتھ ساتھ ملکی تعمیر و ترقی میں بھی نمایا ں کردار ادا کر سکتی ہے۔ آج کے دور میں معاشی ضروریات کو پو را کرنے کے لئے خواتین کا مردوں کے شانہ بشانہ تمام شعبہ ہائے زندگی میں کردار ادا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے جبکہ ہنر مند خواتین اس ضمن میں اپنا کردار بہتر طور پر ادا کر سکتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ نائس ویلفیئر سوسائٹی اس حوالے سے صحیح سمت میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔ پی ٹی آئی رہنما میاں امجد اقبال نے اپنے خطاب میں سوسائٹی کی خدمات کو سراہتے ہو ئے کہا کہ سیاست کے ساتھ ساتھ سوشل ورک اور خدمت خلق بھی ایک صدقہ جاریہ ہے۔ خواتین تمام شعبہ ہائے زندگی میں مردوں کے شانہ بشانہ اہم کردار ادا کر سکتی ہیں، تیز رفتا ر ترقی کے اس دور میں خواتین کا عملی کردار انتہائی اہمیت اختیار کر گیا ہے اور انہیں فنی تربیت دے کر معاشی طور پر مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔سو سائٹی صدر سر احمد علی نے اپنے خطاب میں کہا کہ نائس ویلفیئر سوسائٹی کے زیر اہتمام خواتین کو ہنر مند بنانے کا مشن کامیابی سے جاری ہے جس سے خواتین کی ایک کثیر تعداد تربیت حاصل کر چکی ہے جو اپنی فنی مہارت سے فائدہ اٹھا کر گھریلو حیثیت کو مضبوط بنانے میں ایک فعال کردار اداکر سکتی ہیں۔ انہوں نے حاضرین سے اپیل کی کہ فنی تربیت کی افادیت سے عوام کو آگاہ کریں تا کہ زیادہ سے زیادہ خواتین باروزگار ہوسکیں۔تقریب کے اختتا م پر کورس کے شرکاء میں سرٹیفکیٹس اور انعامات تقسیم کئے گئے جبکہ اعلی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی طالبات میں سلائی مشینیں بطور گفٹ تقسیم کی گئیں تاکہ وہ آئندہ مستقبل میں اس ہنر کو استعمال کرتے ہوئے اپنے خاندان کی کفالت کر سکیں۔تقریب میں ارشاد وحید ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر لاہور، مبشر جاوید ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر لاہور، سعیدہ خالد، شیخ عبدالقیوم، بلال منیر ایڈووکیٹ، شیخ خلدون اقبال اورمعروف سماجی شخصیت حافظ رضوان اعجازشامل تھے۔نائس ویلفیئر سوسائٹی کے صدر احمد علی عتیق اور جنرل سیکرٹری سائرہ اقبال نے اور اہل علاقہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

Shares: