سونے کی قیمت یک دم گر گئی
باغی ٹی وی : ملک بھر کی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی قیمت دھڑام سے نیچے گر گئی۔ فی تولہ کی قیمت تیزی سے گرنے لگی، ایک مرتبہ پھر قدر 1900 روپے گر گئی۔
تفصیلات کے مطابق بین الاقوامی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں 10 امریکی ڈالر کی گراوٹ دیکھی گئی اور نئی قیمت 1713 امریکی کرنسی ہو گئی ہے۔
پاکستان میں مسلسل چوتھے روز بھی سونے کی قیمت میں کمی کا تسلسل برقرار رہا، اور جمعرات کے روز مقامی صرافہ مارکیٹون میں فی تولہ اور دس گرام سونے کی قیمتوں میں بالترتیب 1900 روپے اور 1629 روپے کی کمی واقع ہوئی۔
قیمتوں میں کمی کے نتیجے میں کراچی، حیدرآباد، سکھر، ملتان، لاہور، فیصل آباد، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت گھٹ کر 1 لاکھ 4 ہزار 200 روپے ہوگئی، جب کہ دس گرام سونے کی قیمت کمی کے بعد 89 ہزار 335 روپے پر پہنچ گئی۔ اسی طرح فی تولہ چاندی کی قیمت 10 روپے کی کمی سے 1350 روپے اور دس گرام چاندی کی قیمت 8 روپے 60 پیسے کی کمی سے 1157 روپے 40 پیسے ہوگئی۔