اسلام آباد:طیارہ حادثہ،شاہ سلمان،افغان صدر، بھارتی اور کینیڈین وزرائے اعظم سمیت دیگر ممالک کا اظہار افسوس،اطلاعات کے مطابق کراچی میں پیش آنے والے طیارہ حادثے کے بعد سعودی عرب کے فرما ں روا شاہ سلمان اورولی عہد محمد بن سلمان ، افغان صدر اشرف غنی، بھارتی وزیر اعظم نریندرا مودی اور کینڈین وزیر اعظم سمیت مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ نے افسوسناک واقعے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

پاکستان میں طیارے حادثے پرغم کا اظہارکرتے ہوئے شاہ سلمان کا کہنا تھا کہ انہیں پاکستانی طیارے کی تباہی بہت دکھ ہے اور جو لوگ اس حادثے میں وفات پاچکے ہیں ان کی جدائی کا بھی بہت زیادہ غم ہے،

شاہ سلمان اورمحمد بن سلمان کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان کے ساتھ ہے اوراس حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے خاندانوں کے غم میں‌برابر کا شریک بھی ہے

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے افغان صدر اشرف غنی کا کہنا تھا کہ طیارہ حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کے دکھ میں شریک ہیں، غم کے اس موقع پر افغان قوم پاکستان کے ساتھ ہے۔

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا ہے کہ ’پاکستان میں طیارہ حادثے سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ ہوا، لواحقین سے تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں’۔

کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر طیارہ حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’آج صبح پاکستان سے ملنے والی خبر چونکا دینے والی ہے، پی کے 8303 میں اپنے پیاروں کو کھونے والوں سے ہمدردی ہے، اس خوفناک حادثے کے تمام متاثرین کے دکھ میں شریک ہیں، کینیڈین عوام آج آپ کو اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں گے‘۔

علاوہ ازیں کینیڈا،سوئٹزرلینڈ،نیدرلینڈ،سری لنکا کے وزرائےخارجہ نے شاہ محمود قریشی سے بذریعہ ٹیلی فون رابطہ کیا اور طیارہ حادثے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ وزرائےخارجہ نےقیمتی جانوں کےضیاع پر پاکستان کیساتھ اظہاریکجہتی کیاْ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے اظہار یکجہتی پر چاروں وزرائے خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔

طیارہ حادثہ

واضح رہے کہ پی آئی اے کا طیارہ کراچی ایئرپورٹ کے قریب گر کر تباہ ہوا جس کے نتیجے میں متعدد مسافر اور علاقہ مکین جاں بحق ہوئے، حادثے کی جگہ سے لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کرنے کا سلسلہ جاری ہے جبکہ وزیراعظم نے طیارہ حادثے کی فوری تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

ترجمان پی آئی اےجبکہ سول ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کےطیارے میں 99مسافر اور 8 کریو ممبر سوار تھے۔ ڈی آئی جی نعمان صدیقی کا کہنا ہے کہ طیارہ گرنے سے زمین پر 4 گھر تباہ ہوئے ہیں ، طیارہ گرنے کی جگہ کوگھیراؤکرکے مکمل سیل کردیا گیا ۔

Shares: