کروگر نیشنل پارک میں کیمپنگ کے لیے بہت سے پرائیویٹ لاجز موجود ہیں مگر بہترین اور جدید سہولیات سے آراستہ آٹھ مقامات ہیں جہاں سے دل موہ لینے والے قدرتی نظاروں کے علاوہ جنت کے پرندوں سے بھی ملاقات ہوتی ہے۔
‏۱: Malelane
مالےلان گیٹ ویسے تو کروگر کے دوسرے گیٹس کی طرح عام ہی رہا ہوگا مگر میرے لیے کچھ وجوہات کی بنا پر بہت خاص اور دل کے قریب ہے۔ ایک تو یہ میرا ہوم ٹاؤن رہا اور ساؤتھ افریقہ میں اینٹری کے بعد میری پہلی رہائش یہیں تھی۔ دوسرا اس گیٹ سے میں نے جب بھی اینٹری کی کچھ ہی دیر میں “شیر” ضرور دکھائی دیا اور یہ اتفاق تقریباً ہر بار ہوا۔ ضروری نہیں آپ کے ساتھ بھی ایسا ہو کیونکہ میرے ساتھ پیروں کی خاص دعا بھی ہو سکتی ہے۔
جب صدر Paul Kruger نے 1898 میں پارک کی بنیاد رکھی تو 1902 میں Malelane Gate کی بنیاد رکھی گئی۔ مطلب یہ حصہ بالکل شروعات سے شکار سے محفوظ ہے اور یہاں آپ Corcodile River کے بہترین نظاروں کے علاوہ گینڈا، کُوڈُو، زرافہ، امپالہ، ہاتھی اور شیر کے علاوہ دریائی گھوڑے بھی دیکھ سکتے ہیں۔
کروگر کے پہلے وارڈن کرنل جیمز ہیملٹن کا تعلق بھی یہیں سے تھا اور اسی گیٹ پر ان کی تقرری کی گئی۔ تقریباً ایک سو بیس سال پہلے یہاں شکاریوں کی بہتات کی وجہ سے جانور بہت کم ہوگئے اور ایک گیم ریزرو کی ضرورت محسوس کی گئی۔ آج اس علاقے میں جتنے بھی جانور نظر آتے ہیں اس میں بلاشبہ کرنل جیمز کی محنت کا بہت بڑا ہاتھ ہے۔
کروکوڈائل ریور Crocodile River سے خاص احتیاط کیجیے۔ بظاہر پرسکون دکھنے والا پانی آپ کو اپنے پاؤں اس میں رکھنے پر مجبور کرے گا مگر یہ دیوہیکل مگرمچھوں کا مسکن ہے۔ آپ کا شکار کر کے ان کا پیٹ تو شاید نا بھرے مگر بطور سٹارٹر مگرمچھ اعتراض نہیں کریں گے۔دریائی گھوڑا بھی کافی جگہ نظر آئے گا۔ اس کے قریب جانے سے بھی اجتناب کیجیے۔ بظاہر سست نظر آنے والا یہ جانور انتہائی خطرناک ہے اور اس کے جبڑے میں آپ کا آدھا جسم سما سکتا ہے۔
کروگر میں دوران سفر گاڑی سے اترنے کی انتہائی سخت ممانعت ہے اور کسی بھی مشکل میں آپ نے ہیلپ لائن کو کال ملانا ہے۔ناصرف آپ اپنی جان خطرے میں ڈال سکتے ہیں بلکہ خلاف ورزی پر بھاری جرمانے کے علاوہ داخلے پر پابندی بھی لگ سکتی ہے۔
‏۲: Skukuza
سکوکوزا سب سے بڑا کیمپ سائٹ ہے کروگر میں اور دوسری خاصیت یہاں پر پارک کے ہیڈکوارٹرز کا ہونا ہے۔ یہ گیٹ Sabie River کے پاس ہے۔ صابی قدرتی حسن سے مالا مال ہے اور آپ یہاں ایسے نظارے دیکھیں گے جو دنیا میں کم ہی نظیر رکھتے ہیں۔ یہاں ایک کمرشل ایئرپورٹ بھی موجود ہے جہاں آپ ملک کے مختلف حصوں سے نیشنل فلائٹس لے سکتے ہیں۔ اتنے حسین ایئرپورٹس آپ نے کم ہی دیکھ رکھے ہوں گے۔ 2018 میں فوربز میگزین نے اسے “دنیا کے خوبصورت ایئرپورٹ” کے اعزاز سے نوازا۔
سکوکوزا گیٹ سے داخلہ پر وہاں کے خاص جانوروں میں شیر، لگڑبگا، موٹی دم والا بُش بےبی، وارتھوگ، سفید گینڈا اور چیتا ہیں۔ جبکہ پرندوں میں افریقن گرین پیجن، ہیمرکوپ، افریکن فِش اِیگل، کالی کوئل اور جامنی ٹوراکو شامل ہیں۔ اگر آپ پکی سڑک سے کچے پر اتریں (یہ بھی ڈرائیونگ کے راستے ہیں) بُش بکس اور نیالہ بھی ملیں گے۔ آپ کو لگے گا آپ ایک الگ ہی دُنیا میں گھوم رہے ہیں۔ قدرت کو اتنے قریب سے دیکھنے کا موقع آپ کو کم ہی ملتا ہے اور ہر گزرتا سال انہیں دیکھنے کے مواقع مزید معدوم کرتا جا رہا ہے۔
سکوکوزا کے شمالی طرف جائیں تو آپ کو ہاتھی اور جنگلی بھینسے بھی ملیں گے جنہیں تنگ کرنے سے ہمیشہ گریز کریں۔ یہ حملہ کرتے ہوئے ایک سیکنڈ نہیں لگاتے اور ایک آدھ موقع پر گاڑی کو تھوڑا نقصان پہنچانے میں بھی کامیاب ہوئے۔
اب ذکر ہو جائے Kruger کے سفر کی کریم “Sabie River Drive” کا ۔۔ یہ سکوکوزا کے مشرق کی طرف ہے اور شیر، چیتا، ہائناز دیکھنے کے بہترین مواقع یہیں میسر آتے ہیں۔ سابی دریا کے ساتھ آپ آہستہ ڈرائیو جاری رکھیے کیونکہ یہی پرائم لوکیشن ہے جہاں آپ کو تمام جانور نظر آئیں گے۔ آپ قسمت کی دھنی ہوں تو شیر اور چیتا کو براہ راست شکار کرتا بھی دیکھ سکتے ہیں۔ سابی دریا پر تمام جانور پانی پینے آتے ہیں اور شکار کرنے والے جانوروں کا داؤ بھی یہیں زیادہ چلتا ہے۔ آپ کا کیمرہ اور ویڈیو موڈ ہمہ وقت آن رہنا چاہیے ورنہ کئی نظارے صرف ذہن میں رھ جائیں گے پردہ سکرین پر نہیں۔ میرے ساتھ بھی ایسا ہی سانحہ ہوا جب چھ شیر ایک کُوڈو کا شکار کرنے لگے اور میرے کیمرہ نکال کر آن کرنے سے پہلے ہی اگلے ڈایننگ ٹیبل پر ضیافت کا اہتمام کر چکے تھے صرف چھری کانٹوں کا انتظار تھا۔
یہاں Nkuhlu نامی جگہ پر رُک کر آپ اپنے کھانے پینے کا اہتمام بھی کر سکتے ہیں اور اس کی سائٹ بہترین Bird Watch کے علاوہ Sunset Dam کا بھی خوبصورت نظارہ دیتی ہے۔ بہتر ہے اپنے کھانے کا سامان ساتھ لے کر جائیے کیونکہ یہاں حلال فوڈ ملنا وہ بھی ہمارے ذائقے کے مطابق تھوڑا مشکل ہے۔
کروگر میں چیتے کا زیادہ تر شکار امپالہ بنتے ہیں کیونکہ ان کی تعداد بہت زیادہ ہے مگر چیتا بُش بک، رِیڈ بک اور واٹربک کا شکار پسند کرتا ہے۔ امپالہ کی نسبت ان تینوں کی سپیڈ زرا کم اور شکار آسان ہے۔
تقریباً تین سے چار گھنٹے پر محیط یہ سست رفتار ڈرائیو بلاشبہ آپ کی زندگی کی یادگار ترین ڈرائیو ہوگی۔
(نوٹ: کروگر میں سپیڈ لمٹ کا خاص خیال رکھیے۔ نارمل رفتار 50km/h ہے مگر کئی جگہ اس سے بھی کم۔ سپیڈو کیمز جگہ جگہ لگے ہیں اور تیزرفتاری پر بھاری جرمانہ ادا کرنا پڑ سکتا ہے)۔
باقی گیٹس کی تفصیلات آئندہ کالم میں ان شاء اللہ
(جاری ہے)
Imran A Raja is a freelance Journalist, columnist & photographer. He has been writing for different forums. His major areas of interest are Tourism, Pak Afro Relations and Political Affairs. Twitter: @ImranARaja1

Shares: