جنوبی افریقہ سیریز سے قبل قومی کھلاڑیوں کو کوویڈ 19 پروٹوکولز پر بریفنگ
باغی ٹی وی :پاکستان کرکٹ بورڈ کی میڈیکل ایڈوائزری کمیٹی نے جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم سیریز سے قبل کھلاڑیوں اور اسپورٹ اسٹاف کو کوویڈ 19 کے مقررہ پروٹوکولز کے حوالے سے بریفنگ دینے کا آغاز کردیا ہے۔ سیریز سے قبل قومی کرکٹ ٹیم میں شامل کھلاڑیوں اور اسپورٹ اسٹاف کی متعدد مرتبہ کوویڈ 19 ٹیسٹنگ کی جائے گی۔

جنوبی افریقہ سیریز سے قبل قومی کھلاڑیوں کو کوویڈ 19 پروٹوکولز پر بریفنگ
اس حوالے سے قومی کھلاڑیوں اور اسپورٹ اسٹاف کی پہلی کوویڈ 19 ٹیسٹنگ 13 جنوری کو ان کے اپنے گھروں میں کی جائے گی۔ ان ہی کے گھروں میں دوسری ٹیسٹنگ 16 جنوری کو ہوگی۔ قومی اسکواڈ جوائن کرنے پر کھلاڑیوں اور اسپورٹ اسٹاف میں شامل ارکان کی ہوٹل پہنچنے پرپہلی کوویڈ 19 ٹیسٹنگ 19 جنوری کو ہوگی۔
یہ پروٹوکولز پی سی بی میڈیکل ایڈوائزری کمیٹی کے سربراہ اور پی سی بی میڈیکل اینڈ اسپورٹس سائنسز کے سربراہ ڈاکٹر سہیل سلیم نےتیار کیے ہیں، جنہوں نےاس حوالے سے نیوزی لینڈ میں موجود پاکستان شاہینز کے اسکواڈ کو مکمل طور پر آگاہ کردیا ہے جبکہ اس سلسلے میں قومی ٹیسٹ ٹیم میں شامل کھلاڑیوں اور اسپورٹ اسٹاف کی بریفنگ کرائسٹ چرچ کے ہیگلے اوول میں جاری ٹیسٹ میچ کے اختتام پر ہوگی۔
جاری کردہ پروٹوکولز کے مطابق ان تمام ارکان کی مانیٹرنگ کا سلسلہ نیوزی لینڈ سے وطن واپسی کی پرواز میں بیٹھتے ہی شروع ہوجائے گا۔ان تمام ارکان کو پرواز کے دوران اپنے چہرے مکمل طور پر ماسک سے ڈھانپنے کی ہدایت کی گئی ہے۔کسی بھی بیماری کی صورت میں وہاں موجود ٹیم ڈاکٹر سے رابطے کی درخواست کی گئی ہے۔
ایڈوائزری کے مطابق سفر کے دوران کھلاڑیوں اور اسپورٹ اسٹاف کو اپنے ہاتھوں کو کم از کم بیس سیکنڈز تک سینٹائز کرنے کی ہدایت کی گئی، پروٹوکولز کے مطابق سماجی فاصلہ برقرار رکھنے اورکوئی بھی علامت ظاہر ہونے یا نہ ہونے کے باوجود پی سی بی کی مخصوص ہیلتھ چیک اپ ایپ پر اپنی صحت کے حوالے سےتمام تر اپ ڈیٹ مسلسل جاری کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
کوویڈ 19 کے لیے مقررہ ایڈوائزری کے مطابق کھلاڑیوں اور اسپورٹ اسٹاف کو غیرضروری طور پر گھروں سے نکلنے سے گریز کرنے اورقریبی فیملی کے علاوہ کسی فرد سے ہاتھ ملانے یا گلے لگنے سے گریزکرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔







