اسپیکرو ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کی نیشنل پریس کلب کے نو منتخب عہدیداران کو مبارکباد
اسلا م آباد ، باغی ٹی و ی رپورٹ کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے نیشنل پریس کلب کے نو منتخب عہدیداران کو نیشنل پریس کےسال 2020 کے انتخابات پر مبارکباد دی ہے۔
اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر نے اپنے علیحدہ علیحد ہ تہنیتی پیغامات میں نیشنل پریس کلب کے نو منتخب صدر شکیل انجم، سینئر نائب صدر ارشد وحید چوہدری، سیکرٹری جنرل انور رضا، سنیئر جوائنٹ سیکریٹری احتشام الحق، سیکرٹری فنانس، صغیر چوہدری اور دیگر عہدیداران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ نیشنل پریس کلب کے انتخاب میں اُن کی کامیابی صحافتی برادری کی طر ف سے ان پر اعتماد کا مظہر ہے ۔انہوں نے ملک میں جمہوری اقتدار کے فروغ ،جمہوریت کے استحکام ، اظہار رائے کی آزادی اور صحافی برادری کے حقوق کے تحفظ اور ان کو درپیش مسائل کو حل کرنے میں پریس کلب کے کردار کو سر اہا۔
اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا کہنا تھا کہ ملک میں جمہوریت کے استحکام کے لیے صحافتی برادری کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے اور موجودہ حکومت آزادی اظہار رائے پر یقین رکھتی ہے اور صحافتی برادری کو درپیش مسائل کو حل کرنے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اُٹھا رہی ہے ۔ انہوں نے اس اُمید کا اظہار کیا کہ نیشنل پریس کلب کی نو منتخب کابینہ صحافی برادری کو درپیش مسائل کو حل کرنے ، ملک میں جمہوریت کے استحکام اور عوامی مسائل کو اُجاگر کرنے کے لیے بھرپور کردار ادا کرئے گی۔ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر نے کہا کہ وہ نیشنل پریس کلب کی نومنتخب کابینہ کی کامیابی کے لیے دعا گو ہیں۔