لاہور:اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے اسمبلی کا اجلاس 22 مئی بروز اتوار کو طلب کیا ہے جب کہ اس سے قبل یہ اجلاس 30 مئی کو طلب کیا گیاتھا۔ذرائع کاکہنا ہےکہ اسپیکر چوہدری پرویز الٰہی نے آئینی اختیارات استعمال کرتے ہوئے اجلاس کی تاریخ میں تبدیلی کی۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی کی طرف سے اسمبلی کا اجلاس 22 مئی کو طلب کرنےکا نوٹیفیکیشن جاری کردیا گیا ہے۔
واضح رہےکہ الیکشن کمیشن نے گزشتہ روز پی ٹی آئی کے منحرف ارکان پنجاب اسمبلی کے خلاف ریفرنس منظور کرتے ہوئے 25 ارکان کو ڈی سیٹ کردیا ہے جس کے بعد اپوزیش کاکہنا ہےکہ حمزہ شہباز اب وزیراعلیٰ نہیں رہے اور اسمبلی کا اجلاس دوبارہ طلب کرکے وزیراعلیٰ کا انتخاب کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ کل الیکشن کمیشن نے پنجاب اسمبلی میں حمزہ شہباز کو وزیراعلیٰ کا ووٹ دینے والے تحریک انصاف کے 25 منحرف ارکان کو ڈی سیٹ کر دیا۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے تحریک انصاف کے منحرف ارکان کے خلاف ریفرنس کا محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے بتایا کہ اتفاق رائے سے منحرف ارکان کو ڈی سیٹ قرار دیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے 23 صفحات پر مشتمل فیصلے میں کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف کے اراکین وزیراعلیٰ کے انتخاب میں مخالف جماعت کے امیدوارکو ووٹ دیکر منحرف ہوئے، الیکشن کمیشن منحرف ارکان کے خلاف ڈکلیئریشن منظور کرتا ہے۔
ڈی سیٹ ہونیوالوں میں 5 ارکان کا تعلق علیم خان گروپ، 4 کا اسد کھوکھر گروپ اور 16 ارکان کا تعلق جہانگیرترین گروپ سے ہے۔