سپیکر قومی اسبملی اور سعودی سفیر کے مابین اہم ملاقات ، دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم کرنے کا عزم

باغی ٹی وی : 2021: اسپیکر اسد قیصر نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کےمابین مضبوط برادرانہ تعلقات موجود ہیں جو باہمی اعتماد، ثقافت، بھائی چارے، تاریخ کے مضبوط بنیادوں پر استوار ہیں اور پاکستان اقتصادی و سماجی اور پارلیمانی شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دے کر دونوں ممالک کے مابین پائے جانے والے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی سے گفتگو تے ہوئے کیا جہنوں نے پیر کے روز اسپیکر قومی اسمبلی سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اسپیکر نے کہا کہ پاکستانی عوام الحرمین الشریفین سے گہری وابستگی رکھتے ہیں اور سعودی عرب کو اپنا گھر تصور کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے بردرانہ تعلقات کو باہمی تعاون میں فروغ کے ذریعے مزید مستحکم بنانے کی خواہش رکھتا ہے۔ انہوں نے خادمین الحرمین الشریفین کا مسلم اُمہ کی یکجہتی کے لیے کردار کو سراہا ۔ اسپیکر نے کہا کہ سعودی عرب خطے میں امن کے قیام کے لیے ہمیشہ مثبت کردار ادا کرتا رہا ہے۔انہوں نے سعودی عرب کی جانب سے پاکستان میں سماجی اور اقتصادی ترقی کے لیے فراخ دلانہ تعاون کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک میں اقتصادی و تجارتی شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں جنہیں دونوں ممالک کی ترقی و خوشحالی کے کے لیے بروے کار لایا جا سکتا ہے۔

اسپیکر نے دونوں ممالک کے پارلیمانوں میں تعاون میں فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے اراکین پارلیمنٹ دوطرفہ تعلقات کو وسعت دینے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پارلیمانی وفد کے تبادلوں سے دونوں ممالک کے اراکین پارلیمنٹ کو ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ حاصل کرنے کا موقع ملے گا اور ہم آہنگی کو فروغ حاصل ہو گا۔ اسپیکر نےمغرب میں اسلامو فوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک بہت بڑا چیلنج ہے جس سے نمبرازما ہونے اور اسلام کے حقیقی تشخص کو دنیا بھر اجاگر کرنے کے لیے مشترکہ لائحہ عمل اپنانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے سعودی عرب میں مقیم پاکستانی تارکین وطن کو سہولیات کی فراہمی پر سعودی عریبیہ کی حکومت کے طرف سے اُٹھائے جانے والے اقدامات کی تعریف کی۔

سعوی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کے ساتھ اپنے برادرانہ اور دوستانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور اسے اپنا مخلص دوست اور بھائی سمجھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے پارلیمان دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ سعودی عرب کے سفیر نے اسپیکر کو یقین دلایا کہ سعودی عرب پاکستان میں سماجی اور اقتصادی شعبوں میں تعاون کو جاری رکھے گا۔

Shares: