آئینی اور انتخابی اصلاحات بارے سپیکر اسد قیصر نے کی اہم بات
اسلامآباد: 15 مارچ 2021 اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ سینیٹ انتخابات کو منصفانہ بنانے اور اس شفافیت لانے سے عوام کا انتخابی عمل اور عوامی نمائندوں کے اعتماد کو بحال کرنے میں اہم پیش رفت ثابت ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی اصلاحات لانے کے لئے حکومت اور حزب اختلاف کے دونوں بینچوں کا اتفاق رائے لازمی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز اسلام آباد میں وزیر اعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور ظہیر الدین بابر اعوان سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
ملاقات میں آئینی اور انتخابی اصلاحات لانے کے لئے پارلیمانی کمیٹی کا قیام کا معاملہ زیر بحث آیا۔ دونوں رہنماؤں کے مابین انتخابی اور آئینی اصلاحات کے لیے پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل پر اتفاق کیا گیا۔ انتخابی اور آئینی اصلاحات کمیٹی میں حزب اختلاف اور حکومتی اراکین کو یکساں نمائندگی دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کمیٹی گلگت بلتستان کو جی بی کے عوامی نمائندوں کی امنگوں کو مدنظر رکھتے ہوئے عبوری صوبے کا درجہ دینے کے لئے آئینی ترمیم لانے کے بارے میں بھی تجویز فراہم کرے گی۔
پارلیمانی امور سے متعلق وزیر اعظم کے مشیر ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق انتخابی اور آئینی اصلاحات کے ذریعے جی بی کو عبوری صوبہ بنانے سے جمہوری اصولوں کو فروغ حاصل ہو گا۔ انہوں نے یہ بھی تجویز پیش کی کہ پارلیمانی کمیٹی کی سربراہی اسپیکر اسد قیصر کریں گے اور یہ کمیٹی انتخابی اصلاحات کا زیر التواء بل اور گلگت بلتستان کو عبوری صوبہ بنانے پر خصوصی غور کرے گی۔








