عاصم سلیم باجوہ کا وزیراعظم کے معاون خصوصی اطلاعات کے عہدے سے مستعفی ہونے کا فیصلہ

اسلام آباد : وزیر اعظم کے معاون خصوصی عاصم سلیم باجوہ کا مستعفی ہونے کا فیصلہ،اطلاعات کے مطابق وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے اطلاعات لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ انہوں نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں نے اپنی اہلخانہ کے ساتھ مل کر معاون خصوصی کے عہدے سے استعفیٰ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

چیئرمین سی پیک اتھارٹی عاصم سلیم باجوہ نے کہا کہ ہم نے یہی سوچا ہے کہ سی پیک اتھارٹی پر بہت زیادہ توجہ چاہیے اس لیے فیصلہ کیا کہ میں اپنا سارا زور سی پیک پر لگاؤں گا۔

عاصم سلیم باجوہ نے کہا کہ وزارت اطلاعات میں مزید قابل لوگ موجود ہیں تو اس لیے وہ کام میں ان کے لیے چھوڑوں گا اور میں اپنا فوکس ادھر ہی رکھوں گا۔
انہوں نے کہا کہ ابھی میں نے اس حوالے سے فیصلہ کیا ہے اور صبح اپنا استعفیٰ پیش کروں گا اور درخواست دوں گا کہ مجھے اس عہدے سے ریلیف دے دیں۔

معاون خصوصی نے کہا کہ سی پیک وزیر اعظم کی بہت بڑی ترجیح ہے اور وہ کہتے ہیں کہ یہ ہمارا مستقبل ہے اور سی پیک اتھارٹی میں مجھے میں 10ماہ گزارنے کے بعد میرا اپنا بھی یہی ماننا ہے لہٰذا مجھے امید ہے کہ وزیر اعظم مجھے سی پیک زیادہ توجہ سے کام کی اجازت دے دیں گے۔

یاد رہے کہ اس سے پہلے آج انہوں نے اپنے اوپرلگائے جانے والے تمام الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ الزامات جھوٹے ہیں اوران کا مقصد سی پیک اوردوسرے جاری منصوبوں پراثراانداز ہونا تھا

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ان الزامات کا مقصد میری اورمیرے خاندان کی شہرت کو نقصان پہنچانا تھا ،انہوں نےکہا تھا کہ وہ سی پیک کے حوالے سے اپنی کوششیں اور خدمات جاری رکھیں گے

Comments are closed.