اسپاٹی فائی نے دنیا بھر میں کمپنی کے 6 فیصد ملازمین کو نکالنے کا اعلان کیا ہے۔
باغی ٹی وی:عالمی اقتصادی سست روی کے باعث حالیہ مہینوں کے دوران متعدد ٹیکنالوجی کمپنیوں کی جانب سے ہزاروں ملازمین کو فارغ کیا گیا ہے.گزشتہ ہفتے گوگل کی جانب سے 12 ہزار افراد کو نکالنے کا اعلان کیا گیا تھا جبکہ اس سے قبل ایمازون، مائیکرو سافٹ، میٹا اور ٹوئٹر کی جانب سے بھی ایسا کیا گیا تھا۔
تاہم اب اسپاٹی فائی کے سی ای او ڈینئیل ای کے (Daniel Ek) نے ملازمین کے نام ایک میمو میں کمپنی کے 6 فیصد ملازمین کو برطرف کرنے کا اعلان کیا ہے ،اس کمپنی کے دنیا بھر میں 9800 سےکچھ زیادہ ملازمین ہیں جس کا مطلب ہےکہ 600 کے قریب افراد کو ملازمتوں سے فارغ کیا جائے گا۔
اسپاٹی فائی کے سی ای او نے میمو میں کہا کہ ادارہ جاتی تبدیلیوں کے لیے ملازمین کو نکالا جارہا ہے جس سے اخراجات کی مد میں بچت ہوگی جبکہ فیصلہ سازی تیز ہوسکے گی اخراجات کو کم کرنے کے لیے ہم نے ملازمین کی تعداد میں کمی کا مشکل مگر ضروری فیصلہ کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ متاثرہ ملازمین کو 5 ماہ کی تنخواہ کے برابر رقم دی جائے گی جبکہ اتنے مہینوں تک ان کے میڈیکل اخراجات بھی ادا کیے جائیں گے کمپنی کو موجودہ حالات پر پہنچانے والے اقدامات کی مکمل ذمہ داری وہ اپنے سر لیتے ہیں۔








