لاہور: سری لنکن کرکٹ بورڈ ٹیسٹ سیریز پاکستان میں کھیلنے کے حوالے سے اپنا سیکیورٹی وفد 6 اگست کو پاکستان بھیجے گا.
میڈیا رپورٹس کے مطابق سری لنکن سیکیورٹی وفد پاکستان میں سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے 6 اگست کو پہنچے گا. سیکیورٹی وفد لاہور اور کراچی کا دورہ کرے گا. پاکستان کرکٹ بورڈ اور سری لنکا کے درمیان 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز ستمبر اور اکتوبر میں شیڈول ہے جس کی میزبانی پاکستان کو کرنی ہے. اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ کی خواہش ہے کہ یہ سیریز پاکستان میں ہو جس کا ایک میچ قزافی اسٹیڈیم لاہور جبکہ دوسرا میچ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے، لیکن ذرائع کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ سری لنکن کرکٹ بورڈ سیریز پاکستان میں کھیلنے کیلئے ہچکچاہٹ کا شکار ہے. تاہم اب سیکیورٹی کا جائزہ لینے کیلئے سری لنکن کرکٹ بورڈ نے اپنا سیکیورٹی وفد پاکستان بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے جو 6 اگست کو پاکستان پہنچے گا.
واضح رہے کہ سری لنکن ٹیم اس سے قبل 2 سال پہلے ایک ٹی 20 میچ کھیلنے لاہور پہنچی تھی اور اب بھی شائقین پرامید ہیں کہ سری لنکن ٹیم پاکستان کا دورہ لازمی کرے گی.