بھارتی فلم اسٹار شاہ رخ خان اور سلمان خان ایک بار پھر بڑی اسکرین پر ساتھ نظر آنے والے ہیں۔
باغی ٹی وی :بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق شاہ رخ خان اور سلمان خان کے نئے پراجیکٹ سے متعلق کچھ خبریں سامنے آرہی ہیں کہ یہ دونوں اسٹار ایک فلم میں کام کرنے والے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق شاہ رخ خان اور سلمان خان نے ابھی تک باضابطہ طور پر اپنی نئی فلم سے متعلق کسی قسم کا کوئی اعلان نہیں کیا ہے لیکن دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ اُن کی فلم میں اداکار جان ابراہم ولن کا کردار ادا کریں گے جبکہ دیپیکا پڈوکون فلم کی مرکزی ہیروئن ہوں گی۔
میڈیا رپورٹس کا کہنا ہے کہ شاہ رخ خان اور سلمان خان کی اس فلم کے حوالے سے توقع کی جارہی ہے کہ اداکار اس نومبر کے آخر میں اس فلم پر کام شروع کریں گے۔
شاہ رخ خان اور سلمان خان ماضی میں ایک ساتھ کئی فلموں میں کام کر چکے ہیں جن میں ’کرن ارجن‘، ’دشمن کی دُنیا‘، ’کچھ کچھ ہوتا ہے‘، ’ہم تمہارے ہیں صنم‘، ’ہر دل جو پیار کرے گا‘، ’اوم شانتی اوم‘، ’زیرو‘ اور’ٹیوب لائٹ‘ شامل ہیں-