ساوٗتھ افریقی کرکٹ ٹیم کے دورہ کے موقع پرایس ایس یوہیڈکواٹرمیں سیکیورٹی اجلاس
اجلاس میں پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مابین نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جانے والے میچ کے دوران سیکیورٹی اقدامات کاجائزہ لیا، اجلاس میں کمانڈنٹ ایس ایس یو ڈاکٹر فرخ علی، آرمی آفیسرز،پی سی بی حکام سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز اورپولیس کے اعلی افسران نے شرکت کی۔
سیکیورٹی ڈویژن کے 2000 اہلکار اور 1080 ایس ایس یو کمانڈوز سمیت کراچی پولیس کے 5000 اہلکارنیشنل اسٹیڈیم کراچی،ایئر پورٹ، روٹ، ہوٹلز، پریکٹس گراوٗنڈز اور دیگر تمام مقامات پرنافذہونگے، سیکیورٹی کو مزید سخت کرنے کے لئے ہوائی نگرانی ، ماہرنشانہ باز بھی حساس مقامات پر تعینات ہونگے،ڈی آئی جی سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن نے ایونٹ کے پرامن انعقاد کے لئے تمام اسٹیک ہولڈرز کے مابین مربوط رابطے کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم آج پاکستان کے دورے پر پہنچ گئی ہے جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم تقریباً 14 سال کے بعد پاکستان کا دورہ کررہی ہے۔کراچی پہنچنے والی جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم اپنے دورے میں پاکستان کے خلاف دو ٹیسٹ اور تین ٹی 20 میچز کھیلے گی۔جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم کی قیادت کوئنٹن ڈی کاک کررہے ہیں۔ پاکستان کے دورے پر کراچی پہنچے والی ٹیم 21 رکنی ہے
خصوصی فلائٹ سے پاکستان پہنچنے والی جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم کا شہر قائد میں آمد کے بعد ایس او پیز کے تحت ایئرپورٹ پرکورونا ٹیسٹ کیا جائے گا جس کے بعد تمام کھلاڑی قرنطینہ میں رہیں گے۔
شیڈول کے مطابق کورونا ٹیسٹ رپورٹس منفی آنے کے بعد مہمان ٹیم کے کھلاڑیوں کو کراچی جیم خانہ میں ٹریننگ کی اجازت ہو گی۔جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی کراچی جیم خانہ میں ٹریننگ کے بعد 23 جنوری سے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پریکٹس کریں گے۔طے شدہ شیڈول کے مطابق پہلے ٹیسٹ میچ سے قبل بھی دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کا ایک مرتبہ دوبارہ کورونا ٹیسٹ کیا جائے گا۔
پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں 26 جنوری سے شروع ہو گا۔ جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم نے پاکستان میں 2007 کے دوران میچ کھیلا تھا جس کے بعد اب وہ دورے پر آئی ہے۔پاکستان کی جانب سے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے 20 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا گیا ہے ، شان مسعود، محمد عباس ، حارث سہیل سمیت دیگر کھلاڑیوں کو باہر جبکہ حسن علی اور حارث رؤف کو شامل کر لیا گیا ۔ جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں عابد علی، عمران بٹ، اظہر علی، فواد عالم، سرفراز احمد، فہیم اشرف، یاسر شاہ، شاہین شاہ آفریدی، عبداللہ شفیق، آغا سلمان، سعود شکیل، کامران غلام، محمد نواز، نعمان علی، ساجد خان، حسن علی اور تابش خان شامل ہیں۔