سال کے آغاز میں سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی
باغی ٹی وی : رواں سال کے پہلا کاروباری روز کے دوران پاکستان سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی ریکارڈ کی گئی۔ 100 انڈیکس 679.42 پوائنٹس بڑھ گیا۔ جس کے باعث سرمایہ کاروں کو 120 ارب روپے سے زائد کا فائدہ ہوا۔ ایک سال سے زائد عرصہ کے بعد 44 ہزار کی نفسیاتی حد بھی بحال ہو گئی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان سٹاک مارکیٹ میں رواں سال کا پہلا کاروباری روز زبردست رہا جہاں پر کاروبار کا آغاز زبردست انداز میں ہوا اور صبح دس بجے تک انڈیکس 205 پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ کی گئی تھی جس کا تسلسل دوپہر بارہ بجے تک دیکھنے کو ملا۔
دوپہر بارہ بجے تک انڈیکس میں 821.95 پوائنٹس کی تیزی دیکھی گئی، ایک موقع پر کاروبار میں 1100 پوائنٹس سے زائد کی تیزی ریکارڈ کی گئی تھی، تاہم کاروبار کے اختتامی لمحات میں یہ سطح برقرار نہ رہ سکی۔
ٹریڈنگ کے دوران کاروبار کے اختتام پر پاکستان سٹاک مارکیٹ میں 679.42 پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ کی گئی، ایک سال سے زائد عرصہ کے بعد 44 ہزار کی نفسیاتی حد بحال ہو گئی اور انڈیکس 44434.80 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔
پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 1.55 فیصد کی بہتری دیکھی گئی اور 38 کروڑ 48 لاکھ 60 ہزار 227 شیئرز کا لین دین ہوا جس کے باعث سرمایہ کاروں کو 120 ارب روپے سے زائد کا فائدہ ہوا۔
سٹاک مارکیٹ میں تیزی کے بعد ماہرین کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی طرف سے تعمیراتی سیکٹر کو ایمنسٹی سکیم میں توسیع، ملکی معیشت کے حوالے سے مثبت خبریں، ترسیلات زر میں اضافہ سٹاک مارکیٹ میں تیزی کا سبب بن رہا ہے، قوی امکان ہے کہ آئندہ ہفتے بھی تیزی کا تسلسل دیکھنے کو ملا۔