پاکستان سٹاک مارکیٹ میں تیسرے روز بھی تیزی
پاکستان سٹاک مارکیٹ میں دہشتگردی کا واقعہ سرمایہ کاروں کے حوصلے پست نہ کر سکا، مسلسل تیسرے روز بھی تیزی ریکارڈ کی گئی، 100 انڈیکس 485.27 پوائنٹس بڑھ گیا۔

تفصیلات کے مطابق رواں ہفتے کے پہلے کاروباری روز کے دوران دہشتگردوں نے پاکستان سٹاک مارکیٹ پر حملہ کرنے کی کوشش کی جسے سکیورٹی فورسز نے ناکام بنا دیا، تاہم اس دوران سکیورٹی گارڈ اور پولیس اہلکار بھی شہید ہوئے تاہم اس دوران سرمایہ کاروں کے حوصلے بلند رہے اور بھرپور ٹریڈنگ میں حصہ لیا۔

گزشتہ روز پاکستان سٹاک مارکیٹ میں ٹریڈنگ کے دوران کور کمانڈر کراچی ہمایوں عزیز نے بھی ڈی جی رینجرز کے ساتھ دورہ کیا تھا اور سرمایہ کاروں کو اپنی بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی تھی۔

مسلسل دو روز میں زبردست تیزی کا تسلسل بھی تیسرے روز دیکھنے کو ملا، حصص مارکیٹ میں کاروبار کا آغازمحتاط انداز میں ہوا تاہم آگے جا کر سرمایہ کاروں نے بھرپور دلچسپی لیتے ہوئے ٹریڈنگ میں حصہ لیا۔

ٹریڈنگ میں ایک موقع پر معمولی مندی بھی دیکھنے کو ملی تاہم اس کے اثرات اس وقت ختم ہوئے جب سرمایہ کاروں نے بھرپور دلچسپی لی جس کے باعث سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس 485.27 پوائنٹس کی تیزی کے بعد 34907.19 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔

Shares: