صوبہ سندھ میں کورونا وائرس کے 470 نئے کیسز رپورٹ
کورونا وائرس کے سندھ میں24گھنٹے کے دوران470 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، تاہم اس دوران کسی کورونا مریض کے انتقال کی خبر رپورٹ نہیں ہوئی ہے۔یہ بات وزیر اعلیٰ سندھ نے کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، انہوں نے صوبے میں کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے بتایا کہ گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے صوبہ سندھ میں470 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ صوبے میں اب تک 270309 کیسز ہوچکے ہیں، آج کورونا کے مزید 466 مریض صحت یاب ہوگئے، اب تک 2589 99کورونا کے مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ میں 24گھنٹے میں کورونا سے کسی مریض کا انتقال نہیں ہوا، اب تک سندھ میں کورونا سے اموات کی مجموعی تعداد 4533ہے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت6777مریض مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں، کورونا متاثرہ 310 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے، اس وقت کورونا کے 38 مریض وینٹی لیٹرز پر موجود ہیں، سندھ میں470 میں سے 262 نئے کیسز کا تعلق کراچی سے ہے۔واضح رہے کہ ملک بھر میں کرونا وائرس کی تیسری لہر کی تباہ کاریاں جاری ہیں، گزشتہ روز مزید 4 ہزار سے زائد نئے کیسز اور 100 سے زائد اموات رپورٹ ہوئی تھیں۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا کہنا ہے کہ ملک میں مجموعی کرونا کیسز کی تعداد 7 لاکھ 29 ہزار 920 ہوچکی ہے جبکہ کرونا وائرس کے فعال کیسز کی تعداد 76 ہزار 34 ہوگئی۔این سی او سی کے مطابق گزشتہ روز کرونا وائرس کے مزید 118 مریض جاں بحق ہوئے تھے جس کے بعد ملک میں کرونا وائرس سے اموات کی تعداد 15 ہزار 619 ہوگئی۔