اے این ایف انٹیلیجنس کی جرائم پیشہ افراد کے خلاف کامیاب کاروائی
راولپنڈی: اے این ایف انٹیلیجنس کی جرائم پیشہ افراد کے خلاف کامیاب کاروائی ،اطلاعات کے مطابق اے این ایف انٹیلیجنس نے جڑواں شہروں سمیت کراچی میں 3 کارروائیاں کی ہیں اور ان کارروائیوں میں جرائم پیشہ افراد کونہ صرف گرفتار کیا ہے بلکہ ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں منشیات بھی برآمد کی ہیں
اے این ایف کی طرف سے اس سلسلے میں خبرجاری کرتے ہوئے بڑی مقدار میں منشیات برآمد ہوئی ہیں ، یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ان کارروائیوں میں خاتون سمیت 3 ملزمان گرفتارکرلیے گئے ہیں
اے این ایف ذرائع کے مطابق پہلی کارروائی موٹروے ٹول پلازہ اسلام آباد کے قریب کی گئی۔دورانِ تلاشی سوزوکی کلٹس سے 27 کلوگرام ہیروئن اور 3 کلوگرام مشکوک کیمیکل برآمدہوا جبکہ کار میں سوار لاہور کے رہائشی شہباز علی اور حمیرا نوید کو گرفتار کر لیا گیا۔
دوسری کارروائی راولپنڈی میں واقع کوریئر آفس میں کی گئی۔پارسل کے ذریعے 1 کلو 800 گرام کیٹامائن امریکہ اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی ،مذکورہ منشیات باکسنگ گلوز میں مہارت سے چھپائی گئی تھی۔پارسل فیصل آباد کے رہائشی محمد رزاق کی جانب سے بک کروایا گیا تھا۔
تیسری کارروائی کراچی میں واقع لی مارکیٹ میں کی گئی۔جہاں سوزوکی بولان کے گیئر باکس میں چھپائی گئی 11 کلو 500 گرام چرس برآمد کی گئی دورانِ کارروائی کراچی کے رہائشی عبدالکمال نامی ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔
ترجمان اے این ایف نے اس حوالے سے یہ بھی بتایا ہے کہ تمام ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔