ماسکو/ واشنگٹن:اچانک کیا فیصلہ ہوگیا کہ امریکی اور روسی صدرملاقات کرنے پرمجبورہوگئے ،اطلاعات کے مطابق امریکی صدر جوبائیڈن اور روسی صدر اگلے ماہ کی 16 تاریخ کو جنیوا میں ہونے والی سربراہ اجلاس میں ملاقات کریں گے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر جوبائیڈن نے اپنے روسی ہم منصب سے ملاقات پر آمادگی ظاہر کردی جس کے بعد امریکی اور روسی حکام نے تصدیق کی ہے کہ امریکا کے نئے صدر جوبائیڈن اور صدر ولادیمیر پوٹن کے درمیان پہلی ملاقات جنیوا میں 16 جون کو ہوگی۔
جو بائیڈن صدارتی عہدہ سنبھالنے کے بعد اپنے پہلے بین الاقوامی دورے کا آغاز کر رہے ہیں۔ جی -7 اجلاس، نیٹو اور یورپی یونین میں اپنے اہم مغربی حلیفوں کے ساتھ الگ الگ ملاقاتوں کے بعد وہ جنیوا جائیں گے جہاں روسی صدر سے ملاقات کریں گے۔
دونوں سربراہان کے درمیان ملاقات ایک ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کشیدگی کا شکار ہیں۔ امریکا روس پر انتخابات میں مداخلت کا بارہا الزام عائد کر چکا ہے جب کہ نئے امریکی صدر نے بھی روس کے مبینہ سائبر حملوں پر احتجاج کیا تھا۔