اسلام آباد: ملک بھر میں چینی کی فی کلو قیمت میں ہوشربا اضافہ ہوگیا ہے-

باغی ٹی وی : شہر قائد کراچی میں چینی کی فی کلو ریٹیل قیمت 135 روپے تک پہنچ گئی ہے جبکہ ہول سیل مارکیٹ میں اس کی قیمت 124 روپے فی کلو ہو گئی ہے جس کی وجہ سے مہنگائی کے ہاتھوں پہلے ہی پریشان شہریوں کی تکالیف مزید بڑھ گئی ہیں۔

لاہور میں ہول سیل مارکیٹ میں چینی کے نرخ 120 سے 124 روپے تک ہو گئے ہیں جس کے بعد ریٹیل میں چینی 130 روپے فی کلو فروخت کی جا رہی ہے پشاورمیں کریانہ اسٹور پر چینی فی کلو 140 سے 145 روپے تک میں فروخت ہو رہی ہے۔

کوئٹہ میں دو دن کے اندر چینی کی قیمت میں دس روپے فی کلو کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس کے بعد چینی کی فی کلو قیمت 135 روپے ہو گئی ہے۔

مارکیٹ کے تاجروں کا کہنا ہے کہ 50 کلو کی بوری 6 ہزار 400 روپے میں خرید کر لاتے ہیں تو اسی حساب سے فروخت کریں گے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل ادارہ شماریات نے اپنی رپورٹ میں کہا تھا کہ اکتوبر میں مہنگائی میں 1.90 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ادارہ شماریات کے مطابق جولائی تا اکتوبر 2020 کے مقابلے میں جولائی تا اکتوبر 2021 مہنگائی 8.74 فیصد رہی۔

گزشتہ ایک سال میں گھی 43 فیصد، مسٹرڈ آئل 41.92 اور خوردنی تیل 40 فیصد مہنگا ہوا جبکہ چکن 34.69 فیصد، دالیں اور گوشت 17 فیصد اور آٹا 12.97 فیصد مہنگا ہوا لیکن ایک سال میں ٹماٹر 48.52 فیصد، دال مونگ 29 فیصد، پیاز 28 فیصد اور آلو 19 فیصد سستا ہوا چکن 17.91 فیصد اور سبزی 15.26 فیصد مہنگے ہوئے جبکہ آلو 12.17 فیصد، گندم 7.25 فیصد اور چائے 4.95 فیصد مہنگی ہوئی جبکہ پیاز 12.70 فیصد اور چینی 7.72 فیصد سستی ہوئی جبکہ دال مونگ 6.14 فیصد، انڈے 5.94 فیصد اور مصالحہ جات 3.85 فیصد سستے ہوئے۔

Shares: