سوئی گیس کی پائپ لائن پھٹنے کا خدشہ
شیخوپورہ (محمد فہیم شاکر سے) ضلع شیخوپورہ میں 3 مقامات گاؤں وزیرا ورکاں محلہ نذر آباد مریدکے اور شیخوپورہ گوجرانوالہ روڈ پر محکمہ لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ اور محکمہ پبلک ہیلتھ اینڈ انجینئرنگ کے فیلڈ سٹاف ٹھیکیداروں کی غفلت اور با اثر زمینداروں کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے سوئی گیس کی ہائی ٹرانسمیشن لائنوں کے پھٹنے اور علاقہ میں خوف ناک دھماکے ہونے کے ساتھ آزاد جموں و کشمیر تک سوئی گیس کی فراہمی معطل ہونے کے خدشات لاحق ہوگئے ہیں اس بارے میں سوئی ناردرن گیس پائپ لائن کے سینئر انجینئر رفاقت علی نے محکمہ پولیس اور ضلع انتظامیہ کے اعلیٰ حکام کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا ہے کہ مذکورہ علاقوں میں سوئی ناردرن گیس کے ہائی ٹرانسمیشن سپلائی پائپ گذرتے ہیں جہاں پر ہمیں آگاہ کیئے بغیر ہی مذکورہ محکموں کے افسروں ٹھیکیداروں کے علاوہ گاؤں وزیراورکاں کے زمیندار نے کھدائی شروع کروا دی ہے جس سے سوئی گیس کی سپلائی لائنیں پھٹنے کا خدشہ لاحق ہوگیا ہے سوئی ناردرن گیس کے حکام نے محکمہ پولیس کو بھیجے جانے والی رپورٹ میں مطالبہ کیا ہے کہ سوئی گیس کی سپلائی لائنوں پر غیر قانونی طور پر تعمیرات کرنے والے افراد کے خلاف فوری طور پر مقدمہ درج کیا جائے