سکھر(پریس ریلیز)آئی جی موٹر وے ڈاکٹر سید کلیم امام، ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ ریجن جاوید علی مہر اورڈی آئی جی موٹر وے سندھ علی شیر جکھرانی کی خصوصی ہدایت پر ایس پی موٹر وے سکھر سیکٹر جاوید اقبال چدھڑ کی زیر نگرانی موٹر وے پولیس سیکٹر سکھر کی جانب سے قوت گویائی اور سماعت سے محروم طلبہ و طالبات اور اسکول کے اساتذہ کو روڈ حادثات سے بچاؤ کے لئے ڈیف ریچ اسکول سکھر میں روڈ سیفٹی سے متعلق آگاہی دی گئی، جس میں انہیں روڈ سیفٹی لیکچر اور روڈ کراس کرنے کے طریقے سے آگاہ کیا گیا۔اس موقع پرموبائل ایجوکیشن سکھر سیکٹر کے افسران انسپکٹر صلاح الدین اور سب انسپکٹر سرفراز خان نے اسپیشل بچوں کو روڈ سیفٹی کے حوالے سے بتایا کہ موٹر وے پولیس مختلف تعلیمی اداروں میں روڈ سیفٹی کے حوالے سے روڈ سیفٹی لیکچر، سمینارز اور روڈ سیفٹی واک کے پروگرام منعقد کروارہی ہے، آج اسی سلسلے میں قوت گویائی اور سماعت سے محروم افراد کے لئے ٹریفک قوانین کے بارے میں آگاہی اور روڈ حادثات سے بچاؤ کے لئے پروگرام کا انعقاد کیا جارہا ہے۔تاکہ ایسے افراد ٹریفک قوانین پر عمل پیرا ہوکر معاشرے کا اہم رکن بن سکیں۔ موٹر وے پولیس کے افسران نے دوران لیکچر اسپیشل بچوں کو بتایا کہ موٹر سائیکل چلاتے وقت ہیلمٹ کا استعمال لازمی کریں، تاکہ کسی بھی ممکنہ روڈ حادثے کی صورت میں سرپر شدید چوٹ سے محفوظ رہا جاسکے۔ روڈ سیفٹی لیکچر کے دوران ماہر اساتذہ نے اپنے مخصوص انداز سے قوت گویائی اور سماعت سے محروم بچوں کوروڈ حادثات سے بچاؤ کے بارے میں شرکاء کو بتایا، آخر میں اسکول انتظامیہ نے موٹر وے پولیس کی کاوشوں کو سراہاتے ہوئے کہا کہ قوت گویائی اور سماعت سے محروم بچے عام بچوں کی نسبت زیادہ توجہ کے مستحق ہوتے ہیں اور اس طرح کے مفید پروگراموں سے بچوں کی ذہنی اور جسمانی نشونما سمیت ان کو معاشرے کا اہم حصہ ہونے میں مدد ملتی ہے۔

Shares: