میرپورماتھیلو،باغی ٹی وی(نامہ نگارمشتاق لغاری)سکھر کے کچہ میں ڈی آئی جی کا دورہ، ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن تیز کرنے کا حکم

تفصیلات کے مطابق سکھر ڈی آئی جی کیپٹن ریٹائرڈ فیصل عبداللہ چاچڑ نے ایس ایس پی گھوٹکی سمیع اللہ سومرو کے ہمراہ سب ڈویژن رونتی کے کچہ ایریا کا دورہ کیا اور پولیس افسران و جوانوں کے ساتھ وقت گزارا۔ ایس ایس پی گھوٹکی نے کچہ ایریا میں ڈاکوؤں کے خلاف جاری آپریشن پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر اے ایس پی میرپور ماتھیلو، ڈی ایس پی رونتی، ڈی ایس پی اباڑو، ڈی ایس پی کچو بنڈی، ایس ایچ او تھانہ شہید دین محمد لغاری اور کچہ ایریا میں اگلے مورچوں پر تعینات افسران و جوان بھی موجود تھے۔

ڈی آئی جی اور ایس ایس پی نے تھانہ شہید دین محمد لغاری کے کچہ ایریا کی مختلف پولیس پیکٹس کا دورہ کیا، جن میں پولیس پکٹ بھیا 02، پولیس پکٹ بھیا 04، اور پولیس پکٹ فون لانڈھی شامل ہیں۔ انہوں نے پیکٹس کا معائنہ کرتے ہوئے تعینات افسران کو ہدایت دی کہ وہ دلیری اور حوصلے کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیں اور عوام کو ڈاکوؤں سے تحفظ فراہم کریں۔

پولیس افسران کو ہدایت دی گئی کہ کچہ ایریا کی طرف آمدورفت کے تمام راستوں پر سخت نگرانی کرتے ہوئے سنیپ چیکنگ کی جائے اور مشکوک گاڑیوں، موٹرسائیکلوں اور افراد کو تلاش کیا جائے۔ ڈیوٹی پر موجود اہلکاروں کے مسائل کے فوری حل اور درکار وسائل کی فراہمی کے لیے احکامات جاری کیے گئے۔ پیکٹس کی مضبوطی اور مرمت کے لیے اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔

ڈی آئی جی فیصل عبداللہ چاچڑ نے اپنے خطاب میں کہا کہ عوام کی جان و مال کی حفاظت اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے پولیس شہداء کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ امن و امان کے قیام کے لیے ہر ممکن قربانی دی جائے گی، اور علاقے میں بدامنی پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی جاری رہے گی۔

Shares: